جنید صفدر کی گلوکاری پر بلال مقصود کا طنزیہ تبصرہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے بیٹے جنید صفدر نے اپنے نکاح کی تقریب میں گانا گایا جس پر مختلف شوبز شخصیات کی جانب سے بھی تبصرے کیے جارہے ہیں۔
جنید صفدر نے اپنے نکاح میں لیجنڈری گلوکار محمد رفیع کا گانا ‘کیا ہوا تیرا وعدہ’ گایا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی بہت تعریف کی جارہی ہے۔
ان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پاکستانی گلوکار و موسیقار بلال مقصود نے انسٹاگرام پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے جنید صفدر کی تعریف کی۔
بلال مقصود نے کہا کہ ‘ویڈیو میں نظر آنے والے پھول تو شاید میرے ٹیکس کے پیسوں سے ہوں، لیکن گانے کے نمبر اس لڑکے کو میں پورے دوں گا’۔
بلال مقصود کی اس انسٹاگرام اسٹوری کے بعد ٹوئٹر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔
مونس شعیب نامی صارف نے لکھا کہ میں چاہتا ہوں کہ ‘بلال مقصود اپنا این ٹی این نمبر شئیر کریں تاکہ دیکھا جائے کہ وہ کتنا ٹیکس دیتے ہیں’۔
دوسری جانب محسن نامی ایک صارف نے بلال مقصود کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ‘بلال مقصود آپ چھا گئے
ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی بلال مقصود کی اسٹوری کے جواب میں اداکارہ اریبہ حبیب نے کہا کہ ‘ ہم صفر ریٹرن کے ساتھ اب بھی ٹیکسز ادا کررہے ہیں، لیکن پھر بھی دل ہے پاکستانی’۔
ایک اور کمنٹ میں انہوں نے لکھا کہ ‘ہمیں اس سب میں بچوں کو نہیں گھسیٹنا چاہیے’۔
جنید صفدر اور عائشہ سیف کے نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں جبکہ گزشتہ روز سے ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں مریم نواز کے بیٹے اپنی آواز کا جادو جگاتے دکھائی دے رہے ہیں۔
مریم نواز کے بیٹے کے نکاح کی تقریب میں ایک پیشہ ور گلوکار کی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں مگر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب جنید صفدر کو مائیک پکڑایا گیا تھا تو انہوں نے اپنی گلوکاری سے سب کو حیران کردیا تھا۔
بشکریہ: ڈان نیوز
