جہانگیرترین کے بھائی کی تدفین،ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ آ گئی

استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف اور معروف کاروباری شخصیت جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین کی تدفین کردی گئی، انہوں نے گزشتہ شب گھر میں خودکشی کرلی تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں 2021 کی ٹرافی اپنے نام کرنیوالی ملتان سلطانز ٹیم کے اونز عالمگیر ترین نے خودکشی کی۔ لاہور پولیس کے مطابق عالمگیر ترین نے پستول سے اپنے سر میں گولی ماری۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ عالمگیر ترین نے خودکشی سے قبل ایک تحریر بھی چھوڑی جس میں انہوں نے اپنی بیماری اور تکالیف کا ذکر بھی کیا۔
عالمگیر ترین کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا جس کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی جب کہ پسٹل اور عالمگیر ترین کا لکھا گیا خط فرانزک کے لیے بھجوا دیا گیا۔ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمگیر ترین کی موت سر میں گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی جو کہ سر کے دائیں طرف کان کے اوپری حصے پر لگی، گولی کنپٹی سے داخل ہوکر بائیں طرف سے نکل گئی، دماغ کے ٹشوز بری طرح سے متاثر ہوئے، موت بہت زیادہ خون بہنے کی وجہ سے ہوئی۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جسم پر تشدد کے کوئی نشان نہیں پائے گئے پوسٹ مارٹم میں نشے کی زیادتی کے شواہد نہیں ملے۔
گزشتہ روز بعد ازاں عشا کے بعد عالمگیر ترین کی نماز جنازہ ادا کردی گئیجس میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عالمگیر ترین کی تدفین ماڈل ٹاؤن قبرستان میں کردی گئی۔
