حرا مانی اور خالد بٹ نے استنبول ایوارڈز جیت لیے
ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والے انٹرنیشنل پرفارمنس ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب میں حرا مانی اور عثمان خالد بٹ نے بہترین اداکارہ اور اداکار کے ایوارڈز جیت لیے۔ آئی پی پی اے کی ایوارڈز تقریب میں فلم اور ٹی وی کے درجنوں پاکستانی اداکاروں نے شرکت کی جبکہ معروف گلوکاروں اور اداکاروں نے اہنی پرفارمنس سے فنکشن کو چار چاند لگا دیئے۔ تقریب میں اداکارہ حرا مانی اور عثمان خالد بٹ سمیت کئی اداکار ایوارڈز جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کرنے والی شوبز شخصیات نے انسٹا گرام پر اپنی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں اور ایوارڈز جیتنے والے ساتھی اداکاروں کو مبارکباد بھی پیش کی۔
تقریب میں ’باجی‘ کو بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔ اداکارہ میرا نے ایوارڈز وصول کرنے کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ اداکار خالد عثمان بٹ کو ’باجی‘ فلم میں شاندار اداکاری کرنے پر بہترین فلم اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ بشری انصاری کی بھانجی اداکارہ زارا نور عباس کو ’چھلاوا‘ فلم میں شاندار اداکاری کرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔اداکار و میزبان احسن خان کو سال کے بہترین میزبان کے ایوارڈ سے نوازا گیا، اداکار منیب بٹ کو ٹی وی کی کیٹیگری میں ایوارڈ دیا گیا۔ایوارڈ وصولی کے بعد منیب بٹ کی خوشی میں جھومنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
اداکارہ حرا مانی کو بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا، ماڈلنگ کی کیٹیگری میں معروف ماڈل مشک کلیم کو ایوارڈ دیا گیا، اداکارہ ہانیہ عامر کو کولیسٹ سیلیبرٹی ایوارڈ سے نوازا گیا، اداکار علی رحمٰن کو ہاٹیسٹ سیلیبرٹی ایوارڈ سے نوازا گیا، اداکارہ ایمن خان کو سویٹیسٹ سلیبرٹی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اداکارہ امر خان نے بھی ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کی اور بولڈ انداز میں بنائی گئی اپنی تصویر بھی شیئر کی۔اداکارہ ایمن خان بھی ایوارڈز تقریب میں شریک ہوئیں جہاں ان کے شوہر کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔
سکرین سے دور رہنے والی اداکارہ حمیمہ ملک نے گلوکار فرحان سعید کے ہمراہ ایوارڈز تقریب میں پرفارمنس کر کے لوگوں کے دل جیتے۔ اداکارہ حرا مانی نے بھی ایوارڈز تقریب میں کنچھوائی گئی تصاویر شیئر کیں جس پر ان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
