حریم شاہ، صندل خٹک کی دوستی کیسے ختم ہوئی؟

ٹک ٹاکر حریم شاہ کی غیراخلاقی ویڈیوز لیک کرنے کے الزام میں حال ہی میں جیل سے رہائی پانے والی ٹک ٹاکر صندل خٹک نے انکشاف کیا ہے کہ حریم شاہ کے دبئی میں کافی مسائل تھے جس کی وجہ سے ہماری دوستی دبئی سے واپسی پر ہی ختم ہو گئی تھی۔
یاد رہے کہ صندل خٹک کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اہلکاروں نے 12 جون کو اسلام آباد کی عدالت سے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ قبل از گرفتاری کی ضمانت کروانے کے لیے وہاں پہنچی تھیں۔بعد ازاں 20 جون کو ایف آئی اے کی خصوصی عدالت نے حریم شاہ کی نازیبا ویڈیو لیک کیس میں ٹک ٹاکر صندل خٹک کی درخواستِ ضمانت منظور کرلی تھی جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا تھا۔
24 جون کو ٹک ٹاکر صندل خٹک نے اسی حوالے سے پشاور پریس کلب میں اپنے وکیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جس کے دوران صندل خٹک کا کہنا تھا کہ جو ویڈیو لیک ہوئی ہیں، اس کا الزام مجھ پر لگایا جا رہا ہے، مجھ پر لگائے تمام الزامات جھوٹے ہیں، اس حوالے سے عدالت کا کیس اور میڈیا پر کی جانے والی باتیں الگ الگ ہیں۔
ٹک ٹاکر نے کہا کہ حریم شاہ کی جانب سے میرے خلاف جو ایف آئی آر میں الزامات لگائے گئے وہ جھوٹے ہیں، ’میں بے گناہ ہوں‘، صندل نے بتایا کہ حریم شاہ دعویٰ کر رہی ہیں کہ میں نے ان سے معافی مانگی ہے ان کے والدین کے سامنے روئی ہوں، لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہے، حریم نے میرے خلاف جو مقدمہ دائر کیا لیکن مجھ سے جب تفتیش کی گئی تو کچھ نہیں ملا جس پر مجھے ضمانت پر رہا کر دیا گیا، میرے خلاف لگے تمام الزامات جھوٹے تھے۔
ٹک ٹاکر کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے میرا موبائل اپنے پاس رکھا ہوا ہے، انہوں نے تفتیش کی ہے، میرے موبائل سے انہیں کچھ نہیں ملا، میرا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں، میں نہ سیاست میں آنا چاہتی ہوں اور نہ سیاستدانوں کو جاننا چاہتی ہوں، میں جیل میں بہت اچھے حالات میں تھی، مہندی بھی لگا کر آئی ہوں۔یاد رہے کہ حریم شاہ نے صندل خٹک کے خلاف مئی 2023 میں ایف آئی اے کے سائبر کرائم میں ’پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ‘ کے تحت درخواست دائر کی تھی، حریم شاہ نے الزام عائد کیا تھا کہ صندل خٹک اور عائشہ ناز نے ان کی ذاتی ویڈیوز چرانے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر وائرل کرکے انہیں بدنام کیا۔
پشاور کی عدالت سے درخواست مسترد ہونے کے بعد صندل خٹک نے ایف آئی اے کی گرفتاری سے بچنے کے لیے 12 جون کو اسلام آباد کی عدالت میں قبل از وقت ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا، ضمانت درخواست مسترد ہونے کے بعد ایف آئی اے نے صندل خٹک کو گرفتار کرلیا تھا اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا تاہم 20 جون کو انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ حریم شاہ کی متعدد ویڈیوز رواں برس 27 فروری کے بعد انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھیں، جن میں انہیں بیڈ روم اور واش روم میں قابل اعتراض حالت میں دیکھا گیا تھا، ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد یکم مارچ 2023 کو حریم شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ذاتی ویڈیوز کو ان کی دوستوں ٹک ٹاکرز صندل خٹک اور عائشہ ناز نے وائرل کیا۔
