حکمران اتحاد کو پنجاب میں ان ہائوس تبدیلی کیلئے مشکلات کا سامنا

حکمران اتحاد کو صوبہ پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کے معاملے پرآئینی و قانونی مشکلات کا سامنا ہے۔
باخبرذرائع کا کہناہےکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے یا اعتماد کا ووٹ لینے کے معاملے پر حکمران اتحاد کو آئینی و قانونی مشکل کا سامنا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے ذرائع کے مطابق 4 ماہ سے جاری اسمبلی اجلاس کے باعث عدم اعتماد کی تحریک پیش نہیں کی جا سکتی، عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کے لیے اسمبلی کا جاری اجلاس ختم کرنا ضروری ہے، رولز آف پروسیجر کے تحت اجلاس ختم کرنے کا اختیار صرف اسپیکرکے پاس ہے اور تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے بھی رواں سیشن کا خاتمہ ضروری ہے، وزیراعلیٰ کے خلاف سابقہ تحریک عدم اعتماد 41 ویں سیشن کے پارلیمانی بزنس کا حصہ تھی۔
واضح رہےکہ 26 نومبر کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے تمام اسمبلیوں سے باہر آنے کے اعلان کے بعد حکمران اتحاد نے پنجاب اور کے پی میں تحریک عدم اعتماد سمیت دیگر آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔
