حکومت نے پٹرول 10اور ڈیزل 7.50 روپےفی لٹر سستا کر دیا

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 10 جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 50 پیسے فی لٹر کمی کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ مٹی کے تیل کی قیمت 10 روپے کم کرکے 171 روپے 83 پیسے مقرر کی گئی ہے، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 179 روپے فی لٹر ہے جس میں 10 روپے کمی کرکے 169 روپے کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل 30 نومبر کو وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے جبکہ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بالترتیب 10 روپے اور 7 روپے 50 پیسے کمی کردی تھی۔انہوں نے کہا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تبدیلی نہیں ہوگی اور اگلے 15 دن تک موجودہ قیمت 235 روپے 30 پیسے رہے گی جو تقریباً 2 ماہ سے برقرار ہے، پیٹرول کی قیمت اس وقت قیمت 224 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہے، اس میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور اسی طرح برقرار رہے گی۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ یکم دسمبر سے 15 دسمبر تک پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مٹی کے تیل میں 10 روپے فی لیٹر کم کی جائے گی کیونکہ سردیاں شروع ہوچکی ہیں اور یہ کم ترین آمدنی والے افراد دیہاتوں اور دور دراز علاقوں میں لوگ استعمال کرتے ہیں، اسی لیے وزیراعظم کی رہنمائی میں قیمت میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے 15 نومبر کو اعلان کیا تھا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا اطلاق 16 نومبر سے 30 نومبر تک ہوگا، انہوں نے کہا تھا کہ پیٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رہیں گی، 16 نومبر سے 30 نومبر تک وہی قیمتیں ہوں گی جو آج نافذالعمل ہیں۔اس سے قبل 31 اکتوبر کو بھی وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ حکومت نے پیٹرول، ڈیزل، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں رد بدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ 15 اکتوبر کو وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پیٹرول کی قیمت میں کمی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے 31 اکتوبر تک تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا،وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے واشنگٹن سے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ ’وزرات خزانہ میں اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگیولیٹر اتھارٹی) کی سمری مل چکی ہے اور میرے ساتھ یہاں واشنگٹن میں پہنچائی گئی ہے اور میں نے دیکھا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ سمری میں پیٹرول میں معمولی کمی جبکہ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے تبادلہ خیال کیا ہے،مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے چاروں مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے اور 31 اکتوبر 2022 تک یہی قیمتیں جاری و ساری رہیں گی۔

یاد رہے  وفاقی حکومت نے یکم اکتوبر 2022 کو 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 237.43 روپے سے کم ہو کر 224.80 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی 247.43 روپے سے کم ہو کر 235.30 روپے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 202.02 روپے سے کم ہو کر 191.83 روپے ہوگئی تھی۔

Back to top button