پمز سانحہ،نومولود کوبچانے والی نرس کیلئے ستارہ خدمت، ایک کروڑ انعام کااعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے پمز آتشزدگی کے دوران اپنی جان پر کھیل کر نومولود کو بچانے والی نرس رضیہ نورین کے لیے ستارہ خدمت اور ایک کروڑ روپے انعام کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ پر منعقدہ اجلاس کے دوران پمز آتشزدگی واقعے میں اپنی جان کی پروہ کیے بغیر بچے کو بچانے والی نرس رضیہ نورین کے لیے ستارہ خدمت اور ایک کروڑ روپے کے انعام کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم نے نرس رضیہ نورین کی جانب سے کمال ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ کے باوجود تباہی سے کچھ لمحوں پہلے بھاگ کر ایک بچے کو بچانے کے عمل پر خراج تحسین پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ نرس رضیہ نورین نے کمال ذمہ داری اور بہادری کا بہترین ثبوت دیا، اپنی جان خطرے میں ڈال کر بچے کی جان بچانے پر مجھ سمیت پوری قوم کو نرس رضیہ نورین پر فخر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایسے فرض شناس لوگوں کی جس قدر ستائش کی جائے کم ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پمز آتشزدگی کے واقعے پر ہسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ڈاکٹر عمران سکندر، جوائنٹ ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز ڈاکٹر مطاہر شاہ اور چوہدری ڈاکٹر اویس علی شاہ، نیونیٹل ڈپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ ریاض، سینئیر رجسٹرار ڈاکٹر نغم، ڈاکٹر نوشیلہ امجد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی پمز محمد عثمان، سی ڈی اے کے ایمرجنسی سروس کے ڈی جی ڈاکٹر عبدالرحمان کو فوری طور پر معطل کرکے ان کے خلاف کارروائی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
