حکومت کو لسٹڈ کمپنیوں کے مستقبل کے منافع پر 5 فیصد ٹیکس کی تجویز

ریسورسز موبیلائیزیشن کمیشن نے دولت مند افراد پر مستقبل کے منافع پر ایڈوانس ٹیکس، تمام منقولہ اور غیر منقولہ اثاثہ جات کی فیئر پرائس ویلیو پر کم از کم ٹیکس اور ایکسپورٹرز سے مناسب ٹیکس وصول کرنے کی سفارش کی ہے۔
ریسورسز موبیلائیزیشن کمیشن نے ایف بی آر کی جانب سے عدم تعاون کے باجود ہفتے کو اپنی عبوری رپورٹ پیش کی، کمیشن کے مطابق متعلقہ ڈیٹا تک رسائی دینے کے حوالے سے ایف بی آر نے تعاون نہیں کیا، اور بے بنیاد رکاوٹیں کھڑی کیں اور ایف بی آر کے ذیلی ادارے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹد نے بھی مطلوبہ مکمل ڈیٹا فراہم نہیں کیا۔
کمیشن کے چیئرمین اشفاق ٹولا نے عبوری رپورٹ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو پیش کی، کمیشن نے حکومت کو لسٹڈ کمپنیوں کے مستقبل کے منافع پر 5 فیصد اور غیر لسٹڈ کمپنیوں کے منافع پر 7.5 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی ہے۔
وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے کمیشن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کی تجاویز پر غور کیا اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر بزنس فرینڈلی ٹیکس ریفارم کرنے پر اتفاق کیا۔
