خدارا بہو کی صورت میں نوکرانی ڈھونڈنا چھوڑ دیں


باصلاحیت اور منجھی ہوئی اداکارہ صبا قمر نے معاشرے میں شادی کے نام پر پنپنے والے دقیانوسی اور فرسودہ خیالات پر کاری ضرب لگاتے ہوئے کہا ہے کہ خدارا بہو کی صورت میں نوکرانی ڈھونڈنا چھوڑ دیں اور شادی کے نام پر کاروبار بند کر دیں۔ صبا نے کہا کہ وہ قطعاً ایسی منفی سوچ کو نہیں مانتی اور وہ شادی لوگوں کو دکھانے کیلئے نہیں بلکہ اپنے لئے کرنا چاہتی ہیں۔
پچھلے کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر کافی متحرک نظر آنے والی صبا قمر کرونا لاک ڈاون کے دوران اپنا یو ٹیوب چینل بھی لانچ کر چکی ہیں جسے وہ اصلاحی نوعیت کے سماجی پیغامات دینے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔ ڈیجیٹل میڈیا پر صبا قمر کا ’چ شو‘ اپنی نوعیت کا منفرد شو ہے جس میں وہ معاشرتی مسائل پر بات کرتی نظر آتی ہیں، انکی اس کوشش کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ صبا قمر کی جانب سے حال ہی میں ایک منفرد ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں وہ شادی سے متعلق روایتی خیالات پر تنقید کرتی نظر آ رہی ہیں۔ صبا قمر کی ویڈیو کی اچھی بات یہ ہے کہ جہاں انہوں نے معاشرے کی دقیانوسی روایات کو ختم کرنے پر زور دیا وہیں انہوں نے بہو۔لاؤ ملازمہ نہیں اور شادی کرو، کاروبار نہیں کے نعرے بھی بلند کیے ہیں۔ اس طرح انہوں نے باڈی شیمنگ کے خلاف ایجوکیٹ یوئر مائنڈز کا ٹرینڈ بھی شروع کیا ہے۔ صبا نے چند ماہ قبل اپنا یوٹیوب چینل لاؤنچ کیا تھا، جس کے ذریعے اب تک وہ 5 ویڈیوز جاری کر چکی ہیں، جنہوں نے بے حد مقبولیت حاصل کی۔ صبا نے یوٹیوب پر اپنی چوتھی ویڈیو میں جہاں ذہنی صحت پر بات کی، اب وہیں انہوں نے پانچویں ویڈیو میں دقیانوسی سماجی روایات کو ختم کرنے پر زور دیا یے۔ تقریبا 18 منٹ دورانیے کی ’بریک دی اسٹیریو ٹائپ‘ نامی ویڈیو میں چار مختلف موضوعات پر بات کی گئی تاہم سب سے اہم بات شادی کے مسئلے پر کی گئی ہے۔
شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے صبا قمر نے کہا یے کہ لڑکیوں کو بیاہ کر اپنے گھر لیجانے میں اکثر سسرال والوں کا مقصد ان سے ملازمہ کا کام لینا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ خاندانی لڑکیوں کی تلاش سے پہلے گھر والے اپنے لڑکوں کے کردار کو نہیں جانچتے جبکہ شادی کے بعد سسرال کی جانب سے اولاد اور خصوصاً لڑکے کی پیدائش پر زور دیا جاتا ہے جس سے مزید بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔
صبا قمر کی ویڈیو کے آغاز میں ہی شادی سے متعلق ایک پیکج میں دکھایا گیا ہے کہ رشتہ کرانے والی آنٹی صبا قمر کے گھر میں ان کی والدہ کی غیر موجودگی میں آتی ہے اور رشتے کرانے سے متعلق ان کو بتاتی ہیں کہ وہ کتنی فیس لیتی ہے۔ رشتے والی آنٹی کو ویڈیو میں بولڈ انداز میں پیش کیا گیا ہے جو صبا قمر کو بتاتی ہے کہ اگر لڑکی کی عمر 20 سے 25 سال تک ہے تو وہ رشتے کے لیے 6 لاکھ روپے جب کہ 26 سال سے 30 سال کی عمر کی لڑکی کے رشتے کے لیے صرف تین لاکھ روپے لیتی ہے۔ رشتے کرانے والی آنٹی صبا قمر کو بتاتی ہے کہ 30 سال سے زائد عمر کی لڑکی کا رشتہ وہ مفت میں کرادیتی ہیں، کیوںکہ اگر اس سے زائد عمر والی لڑکی کا رشتہ طے ہوجائے یہی بڑی بات ہوتی ہے اور اوپر سے دعائیں بھی ملتی ہیں۔
ویڈیو میں رشتہ کرانے والی آنٹی صبا قمر کو شادی سے متعلق لڑکے والوں کی ڈیمانڈز بھی بتاتی ہے اور کہتی ہے کہ زیادہ تر گھرانوں کا مطالبہ ہوتا ہے کہ لڑکی خاندانی ہونی چاہیے۔ رشتے کرانے والی آنٹی کی جانب سے لڑکے والوں کی فرمائش سنتے سنتے صبا قمر غصے میں آجاتی ہیں اور انہیں بتاتی ہیں کہ لڑکے کے گھر والے تولفظ خاندانی کا مطلب بھی نہیں جانتے، ان کا لڑکا نشہ کر رہا ہوتا ہے مگر انہیں ایک ایسی لڑکی چاہیے ہوتی ہے جو ان کے لیے نوکرانی کا کام کر سکے۔ اداکارہ ویڈیو میں بتاتی نظر آتی ہیں کہ زیادہ تر گھرانوں کو ایسی بہو چاہیے ہوتی ہے جو اگر پڑھی لکھی ہو تو باہر نوکری کر کے انہیں کھلائے اور اگر تعلیم یافتہ نہیں ہے تو وہ گھر میں ان کی نوکرانی بن کر خدمت کرے۔ صبا نے اپنی ویڈیو کے ذریعے پیغام دیا کہ دقیانوسی روایات ختم کی جائیں اور شادی کے نام پر کاروبار سے انکار کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شادی کے بعد کوئی بھی فیصلہ میاں بیوی کا نہیں رہتا بلکہ گھر کی کوئی بزرگ خاتون فیصلے کرتی ہے۔ وہی لڑکے کو بتاتی ہے کہ میں مرنے سے پہلے تمہاری اولاد دیکھنا چاہتی ہوں، اور اگر اللّٰہ بیٹی جیسی رحمت سے زواز دے تو مطالبات بڑھ جاتے ہیں کہ پوتا دیکھنے کی خواہش تھی لیکن یہ تو پوتی ہو گئی۔ بعد ازاں پوتے کیلئے بیٹا گھر میں پوتیوں کی لائن لگا دیتا ہے۔ صبا قمر نے ویڈیو میں مزید کہا کہ وہ اپنے لئے شادی کرنا چاہتی ہیں، لوگوں کو دکھانے کے لئے نہیں، انہوں نے اپنی پوسٹ میں ہیش ٹیگ شادی کرو، کاروبار نہیں بھی استعمال کیا۔
یاد رہے کہ36 سالہ صبا قمر ماڈلنگ سمیت اپنی اداکاری کی بنیاد پر متعدد اعزازات اپنے نام کر چکی ہیں۔ ‘ ہندی میڈیم’ میں عرفان خان کے ساتھ کردار ادا کرنے والی صبا قمر بالی وڈ میں بھی کام کر چکی ہیں جبکہ قندیل بلوچ کی زندگی پہ مبنی ڈرامہ باغی میں مرکزی کردار نبھا کر بھی ایوارڈاور خوب داد سمیٹ چکی ہیں جبکہ بے باک انداز میں معاشرتی مسائل اجاگر کرنے پرعوام میں ان کا یوٹیوب چینل بھی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button