خرابی صحت یا اختلافات، شبر زیدی غیر معینہ مدت کیلئے رخصت پر چلے گئے

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے ساتھ مبینہ اختلافات کے بعد چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی خرابی صحت کو جواز بنا کر ایک دفعہ پھر غیر معینہ مدت کیلئے رخصت پر چلے گئے ہیں. شبر زیدی کی جگہ نوشین امجد جاوید کو چیئرمین ایف بی آرکا اضافی چارج دے دیا گیا ہے.
ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ او رچیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کے درمیان معاملات شدت اختیار کر چکے ہیں جس کے بعد شبر زیدی کی جانب سے لمبی رخصت پر جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی معاشی ٹیم عدم استحکام کا شکا ر ہے جس کے بعد ابھی تک اندازہ نہیں لگایا جا رہا ہے کہ نئے مالی سال کا بجٹ کس طرح تیار کیا جائے گا۔اسی پر حفیظ شیخ اور شبر زیدی کے درمیان معاملا ت تلخی اختیار کرتے جا رہے ہیں جبکہ محصولات کے اہداف کے حصول میں ناکامی پر بھی چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی پر شدید دباؤ ہے جس کی وجہ سے انھوں نے طویل رخصت لینے کا فیصلہ کیا ہے. ذرائع کے مطابق اختلافات کی وجہ سے شبر زیدی نے ایف بی آر کے ماہانہ کمیٹی اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شبرزیدی لمبی چھٹی پر گئے تھے۔6 جنوری سے 19 جنوری تک شبر زیدی لمبی چھٹی پر تھے۔ تب بھی شبر زیدی کے مشیر خزانہ خفیظ شیخ کے ساتھ معاملات خراب ہوئے تھے جس کی وجہ سے وہ لمبی چھٹی پر چلے گئے تھے۔ پچھلی دفع یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ شاید شبر زیدی اب واپس نہیں آئیں گے. تاہم واپسی کے کچھ دن بعد چئیرمین فیڈرل بورڈ آف ریوینیو شبرزیدی پھر رخصت پر چلے گئے۔ شبر زیدی کی جگہ نوشین امجد جاوید کو چیئرمین ایف بی آرکا اضافی چارج دے دیا گیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے البتہ نوٹیفکیشن میں شبر زیدی کی چھٹی کا دورانیہ نہیں بتایا گیا۔ ایف بی آر کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی رخصت پر چلے گئے ہیں جن کی غیر موجودگی میں ایف بی آر کی ممبر ایڈمن نوشین جاوید امجد چیئرمین ایف بی آر کا اضافی چارج سنبھالیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شبر زیدی کی رخصت کا اطلاق 31 جنوری 2020 سے ہوگا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر ایک بار پھر طبیعت ناساز ہونے کے باعث رخصت پر گئے ہیں۔ اس سے پہلے شبر زیدی 6 سے 19 جنوری کے دوران طبیعت کی ناسازی کے باعث رخصت پر تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شبر زیدی نے کراچی جانے سے پہلے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کو آگاہ کیا تھا، خراب صحت اور دباؤ کے باعث مستقبل قریب میں شبر زیدی کے کام جاری رکھنے کے امکانات کم ہیں۔
