گھر بیٹھے سرکاری کام، ’مریم کی دستک‘ نے بنائے کام آسان

گھر بیٹھے ڈومیسائل، ڈرائیونگ لائسنس، پولیس ویریفکیشن، ٹیکس ادائیگی اور درجنوں سرکاری خدمات کا حصول مزید آسان ہو گیا۔پنجاب حکومت نے سرکاری دفاتر کے پیچیدہ، وقت طلب اور روایتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے "مریم کی دستک” پروگرام متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو سرکاری خدمات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت عوام کو مختلف سرکاری دفاتر کے چکر لگانے، طویل قطاروں میں انتظار کرنے اور غیر ضروری دفتری پیچیدگیوں سے نجات دلانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اب شہری اپنے موبائل فون یا ایک فون کال کے ذریعے متعدد سرکاری خدمات گھر بیٹھے حاصل کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ یہ منصوبہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کی نگرانی میں چل رہا ہے اور اس وقت پنجاب کے 40 سے زائد اضلاع میں فعال ہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اب تک 3.3 ملین سے زیادہ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 2.7 ملین سے زائد درخواستیں کامیابی سے مکمل کی جا چکی ہیں، جو اس پروگرام پر شہریوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہیں۔ اس پلیٹ فارم کو 76 سے زائد سرکاری محکموں سے منسلک کیا گیا ہے، جن میں پولیس، ٹریفک پولیس، ایکسائز، نادرا اور دیگر اہم ادارے شامل ہیں۔ اس انضمام کے ذریعے شہریوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر مختلف سرکاری خدمات تک آسان رسائی فراہم کی جا رہی ہے، جس سے وقت، اخراجات اور دفتری مشکلات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ دستک ایپ کیسے کام کرتی ہے؟
حکام کے مطابق "مریم کی دستک” پروگرام دو طریقوں سے خدمات فراہم کرتا ہے۔ شہری یا تو سرکاری موبائل ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں یا پھر ہیلپ لائن 1202 پر کال کر کے مطلوبہ سروس حاصل کر سکتے ہیں۔ درخواست موصول ہونے کے بعد حکومت کا تربیت یافتہ سہولت کار شہری کے گھر یا دفتر پہنچ کر ضروری دستاویزات کی تصدیق کرتا ہے، فارم مکمل کرواتا ہے اور تمام کاغذی کارروائی خود انجام دیتا ہے، جس سے درخواست گزار کو سرکاری دفاتر جانے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔جو شہری ٹیکنالوجی استعمال کرنے سے واقف ہیں، وہ موبائل ایپ کے ذریعے خود اپنا اکاؤنٹ بنا کر درخواست جمع کرا سکتے ہیں، مطلوبہ دستاویزات اسکین کر کے اپ لوڈ کر سکتے ہیں اور اپنی درخواست کی پیش رفت بھی آن لائن مانیٹر کر سکتے ہیں۔ اس طرح پورا عمل تیز، شفاف اور مکمل طور پر ڈیجیٹل انداز میں انجام پاتا ہے۔
"مریم کی دستک” ایپ کے ذریعے شہریوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر درجنوں اہم سرکاری خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان میں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹس، فرد اور رجسٹری کی مصدقہ نقول، ای اسٹیمپنگ، جائیداد ٹیکس کی ادائیگی، ڈرائیونگ اور لرنر لائسنس، ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی، پولیس ویریفکیشن، کردار کا سرٹیفکیٹ، ایف آئی آر کی مصدقہ نقل اور کرایہ داروں کی آن لائن رجسٹریشن جیسی اہم سہولیات شامل ہیں۔
یہ منصوبہ صرف عام شہریوں تک محدود نہیں بلکہ کاروباری طبقے کو بھی متعدد سرکاری خدمات فراہم کرتا ہے۔ کاروباری افراد فوڈ بزنس لائسنس، پروفیشنل ٹیکس کی منتقلی، کمرشل واٹر کنکشن، درآمد و برآمد سے متعلق سہولیات، ماحولیاتی منظوری، نئی گاڑی کی رجسٹریشن، گاڑی کی ملکیت کی منتقلی اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی سمیت کئی اہم سرکاری خدمات گھر بیٹھے حاصل کر سکتے ہیں۔
حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ "مریم کی دستک” پروگرام نہ صرف عوام کا وقت بچا رہا ہے بلکہ سرکاری نظام میں شفافیت، بدعنوانی کے خاتمے اور عوامی اعتماد میں اضافے کا بھی ذریعہ بن رہا ہے۔ حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اس پروگرام کا کسی نجی ایپ، ایجنٹ یا غیر سرکاری پلیٹ فارم سے کوئی تعلق نہیں، لہٰذا تمام خدمات صرف سرکاری ایپ یا ہیلپ لائن 1202 کے ذریعے ہی حاصل کی جائیں۔
