خلیل الرحمن قمر، ماہرہ کیساتھ کام نہ کرنے پر بضد کیوں؟

معروف اداکارہ ماہرہ خان کیساتھ مارچ 2020 میں خواتین کے حقوق پر ہونے والی چپقلش پر نامور لکھاری خلیل الرحمٰن قمر تاحال ںاراض ہیں، کہتے ہیں ماہرہ باصلاحیت اداکارہ ہیں لیکن میں ان کے ساتھ کام نہ کرنے کے اپنے بیان پر قائم ہوں۔خلیل الرحمٰن پاکستان کے نامور لکھاری ہیں جنہوں نے کئی نامور ڈراموں اور فلموں کے اسکرپٹس تیار کیے جو پاکستان کے علاوہ بھارت میں کافی مقبول ہوئے۔ ان ڈراموں میں ’میرے پاس تم ہو‘، ’صدقے تمہارے‘، ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ وغیرہ شامل ہیں۔نامور لکھاری نے حال ہی میں محسن عباس حیدر کے شو ’’پبلک ڈیمانڈ‘‘ میں شرکت کی تھی، میزبان کے سوال پر بتایا کہ ان کے اور ماہرہ خان کے درمیان شوبز انڈسٹری کے لوگوں نے ثالثی کروانے کی کوشش کی تھی، لیکن وہ فائدہ مند ثابت نہیں ہوئی۔خلیل الرحمن قمر نے مزید کہا کہ میں حیران ہوتا ہوں اور حیران رہوں گا کہ جس قدر میرا ماہرہ خان سے عزت کا تعلق تھا وہ کسی بھی طرح اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ وہ اتنا بے ہودہ ٹوئٹ کریں، میں کئی بار کہہ چکا ہوں کہ وہ مجھے کال کرسکتی تھیں، مجھ پر خفا ہوجاتیں تو میں انہیں وضاحت دیتا، لوگوں کو یہ چیزیں بعد میں سمجھ آئیں جب لوگوں نے مجھے مسلسل سنا، وہ انتہائی اچھی، باصلاحیت اور خوبصورت اداکارہ ہیں لیکن میں ان کے ساتھ کام نہیں کرپاؤں گا۔نامور لکھاری گزشتہ 3 سال سے ماہرہ خان کے خلاف اس وقت سے بیانات دیتے آ رہے ہیں جب مارچ 2020 میں ڈراما ساز نے ایک ٹی وی شو میں سماجی رہنما ماروی سرمد کے خلاف نامناسب زبان کا استعمال کیا تھا اور ان کے بیان پر ماہرہ خان نے بھی افسوس کا اظہار کیا تھا، ماہرہ خان نے خلیل الرحمٰن قمر کی جانب سے سماجی رہنما ماروی سرمد کے لیے ٹی وی کے پروگرام پر نامناسب زبان استعمال کیے جانے پر ٹوئٹ کی تھی۔اداکارہ نے خلیل الرحمٰن قمر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ وہ ٹی وی سکرین پر عورتوں کی تضحیک کرنے والے شخص کی جانب سے ماروی سرمد کے لیے کہے گئے الفاظ پر حیران ہیں، اداکارہ نے ڈراما نگار کے نام کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ وہی شخص ہیں، جنہیں عورتوں کی تضحیک کے بعد ایک کے بعد ایک منصوبہ دیا جاتا ہے۔بعد ازاں اپریل 2021 میں خلیل الرحمٰن قمر نے ماہرہ خان کی جانب سے اپنے خلاف ٹوئٹ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ماہرہ خان کی جانب سے ان کے خلاف مئی 2020 میں کی جانے والی ٹوئٹ کو ’نامناسب و چونکا دینے‘ والی تھی جس کے بعد خلیل الرحمٰن قمر نے ماہرہ خان کے حوالے سے ٹوئٹ کی تھی اور لکھا کہ ’ ان کے پرانے ڈرامے ’صدقے تمہارے‘ میں ماہرہ خان کو کاسٹ کیا جانا گناہ تھا اور وہ اس گناہ پر ہمیشہ ملامت کرتے رہیں گے۔
