’’اداکارہ ثروت گیلانی کا سیاست میں آنے کا اعلان‘‘

ٹی وی اور فلم کی مقبول اداکارہ ثروت گیلانی نے مستقبل قریب میں سیاست میں آنے کا اعلان کرتے ہوئے جلد سیاسی جماعت بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، اداکارہ نے حال ہی میں سما ٹی وی کے پروگرام حد کر دی میں شرکت کی جہاں انہوں نے فلم، ڈراموں کے مواد اور سیاست میں آنے کے ارادے کے حوالے سے گفتگو کی۔پروگرام کے شروع میں ٹی وی ڈراموں میں کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے ثروت گیلانی نے کہا کہ گزشتہ 20 سالوں سے پاکستانی انڈسٹری میں کام کیا لیکن جب سے انہوں نے عورتوں اور بچوں کی تعلیم اور خواتین کے حقوق پر بات کرنا شروع کی، وہ ٹی وی ڈراموں میں پٹنے والی لڑکی کا کردار ادا نہیں کرسکتیں، ایسا نہیں ہو سکتا کہ ایک پلیٹ فارم پر میں کہہ رہی ہوں کہ عورت پر ہاتھ نہ اٹھائیں اور شام کو عورت پر ہاتھ اٹھانے والے کردار کی شوٹنگ میں مصروف ہوں۔ثروت گیلانی نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کی 26 اقساط میں کیا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ لڑکی سے شادی کون کرے گا، لڑکی پر تشدد ہونا، دیور کے ساتھ افیئر کرنا، لڑکے کے ساتھ بھاگ جانا، یہ کہانیاں نئی نوجوان نسل نہیں دیکھنا چاہتی، آج کل کے نوجوان کامیاب لوگوں کی کہانیاں دیکھنا چاہتی ہے، کسی بھی سیاسی جماعت کا نام لیے بغیر کہا کہ ’مجھے بہت سی جماعتوں نے آنے کا کہا ہے کیونکہ میں ہمیشہ آواز اٹھاتی ہوں۔اداکارہ نے کہا کہ مستقبل میں ہو سکتا ہے کہ وہ اپنی سیاسی جماعت بنائیں، تاہم اداکارہ نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں لیکن انہوں نے بتایا کہ وہ ملک میں تعلیم مفت کریں گی، میں نے جوائے لینڈ جیسی سکرپٹ گزشتہ 20 سالوں سے پڑھی، فلم کی کہانی بہت زبردست تھی، جہاں اندرون لاہور کے چھوٹے سے گھر کی باتیں بتائی گئی ہیں جو ہم معاشرے میں روزانہ دیکھتے ہیں لیکن اسے نظر انداز کر دیتے ہیں۔اداکارہ نے ایک بار پھر بتایا کہ ماضی کی نامور بالی ووڈ اداکارہ پروین بابی ان کے نانا کے بابی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، ان کے نانا نواب غلام محی الدین خانجی برٹش انڈیا کے دور میں متحدہ ہندوستان کی نوابی ریاست مناودار کے نواب تھے جو 1954 تک برقرار رہی، جس کے بعد اسے بھارت میں ضم کر دیا گیا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بالی وڈ اداکار سیف علی خان ان کے فیملی فرینڈ ہیں کیونکہ ان کا تعلق بھی نواب خاندان سے ہے، جنوری 2023 میں انہوں نے ایک شو میں کہا تھا کہ تقسیم کے بعد ان کے نانا پاکستان چلے آئے جبکہ ان کا کچھ خاندان بھارت میں ہی رہ گیا اور ان کی نوابی ریاست کو ریاست گجرات میں شامل کرلیا گیا، ثروت گیلانی کی پیدائش خیبرپختونخوا (کے پی) کے دارالحکومت پشاور میں ہوئی، تاہم ان کی زندگی کا زیادہ تر حصہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزرا۔
