خوشیاں بکھیرنے والے راج پال یادو کی دُکھ بھری زندگی کی کہانی

مداحوں کے چہروں پر ہنسی بکھیرنے والے بالی ووڈ کے مزاحیہ اداکار راج پال یادو نے اپنی زندگی کی تلخ کہانی سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ میری پہلی اہلیہ بیٹی کی پیدائش کے دوران ہی چل بسیں تھیں۔
ہندوستان ٹائمز کو انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ 20 سال کے تھے تو اُن کی پہلی اہلیہ کا انتقال ہو گیا تھا، راج پال یادیو نے اپنے کیریئر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا انہوں نے کبھی مختصر سکرین ٹائم کے باعث کرداروں کو مسترد نہیں کیا۔
اپنی اہلیہ کے انتقال کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے ’دی للن ٹاپ‘ کو بتایا کہ ’یہ اُس وقت کی بات ہے جب اگر کسی کی عمر 20 برس میں نوکری ہوتی تھی تو لوگ اس کو شادی کرنے کا کہتے تھے۔ لہٰذا میرے والد نے میری شادی کر دی، میری پہلی اہلیہ بیٹی کی پیدائش کے دوران چل بسیں۔ مجھے اپنی اہلیہ سے بیٹی کی پیدائش سے اگلے دن ملنا تھا لیکن میں نے اگلے دن اس کی لاش کندھوں پر اٹھائی لیکن میری فیملی اور میری سالی کا شکریہ جس کے باعث میری بیٹی کو کبھی نہیں محسوس ہوا کہ اس کی والدہ نہیں ہے۔ وہ بہت لاڈ سے پلی بڑھی ہے۔
اسی انٹرویو میں اداکار نے اپنی دوسری اہلیہ رادھا یادو کے بارے میں بات کی، جن سے انہوں نے 2003 میں شادی کی تھی، اُن کی دوسری اہلیہ نے ان کا زندگی میں بہت ساتھ دیا ہے، وہ کہتے ہیں کہ میں نے اپنی اہلیہ کو کبھی نہیں کہا کہ ساڑھی پہنو یا کچھ اور پہنو، جیسے میں اپنی والدہ سے بات کرتا ہوں، میری اہلیہ بھی اُن سے ایسے ہی بات کرتی ہے۔ اس نے ہماری زبان بھی سیکھ لی ہے۔ ایک مرتبہ ہم گاؤں گئے، میں نے اسے دیکھا کہ وہ منہ ڈھک کر بیٹھی ہے، کیونکہ گاؤں میں خواتین اسی طرح رہتی ہیں۔
اداکار مزید کہتے ہیں کہ جب وہ ہولی اور دیوالی کے دوران گاؤں جاتی ہے، کسی کو کوئی علم نہیں ہوتا کہ اسے پانچ زبانیں آتی ہیں۔ میرے استاد اور میرے والدین کے بعد اگر کسی نے مجھے سپورٹ کیا ہے تو وہ میری اہلیہ ہے۔ رادھا نے میری بیٹی کو بھی پالا ہے، وہ (بیٹی) ابھی لکھنؤ میں ہے، شادی شدہ ہے لیکن اس سب کا کریڈٹ میری فیملی اور اہلیہ کو جاتا ہے، خیال رہے راج پال یادو اپنے مداحوں کو کارتک آریان کی نئی فلم ’ستیا پریم کی کتھا‘ اور ایوشمن کھرانا کی نئی فلم ’ڈریم گرل ٹو‘ میں نظر آئیں گے۔
