خیبر پختونخوا میں طوفانی بارش تباہی کے اثرات چھوڑ گئی

خیبر پختونخوا میں طوفانی بارش اپنے پیچھے تباہی کے اثرات چھوڑ گئی۔خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے مختلف حادثات و واقعات میں 34 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہوئے ۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بنوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 15 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لکی مروت میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق اور 42 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ کرک میں گھروں کی دیوار گرنےکے واقعات میں 4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔بنوں میں بارش سے نابینا بزرگ خاتون کے ایک مرلے کے مکان کی چھت گر گئی ، ملبے تلے دب کر اس کے 6 بچے زخمی ہو گئے۔

خاتون کا کہنا ہے کہ پڑوسیوں نے اس کے بچوں کو ملبے سے نکالا ، گھر کا سامان بھی تباہ ہوگیا۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں سے 69 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، بنوں میں آندھی، طوفانی بارشوں سے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے 4 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔طوفانی بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی ، جو کچے گھر نہ گرے ، اب اُن میں رہنا خطرے سے خالی نہیں ہے۔

دوسری جانب لاہور، گجرات، گوجرانوالا، حافظ آباد اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں 111 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والی آندھی سے نظامِ زندگی متاثر ہوا ۔

Back to top button