خیبر پختونخوا کابینہ کا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ کرانے کا اعلان

خیبر پختونخوا  ایم ڈی کیٹ  کے امتحانات میں بلیو ٹوتھ کے ذریعے نقل کرنے کا  اسکینڈل سامنے آنے کے بعد صوبے  کی نگران کابینہ نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ کرانے کی منظوری دے دی۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کے زیر صدارت نگران کابینہ کے اجلاس میں سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ارشد خان نے ایم ڈی کیٹ کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔رپورٹ پر غور وخوض کے بعد چھ ہفتے کے اندر ٹیسٹ دوبارہ کرانے کی منظوری دی گئی جبکہ ٹیسٹ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر نگرانی کرائے جانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

نگران وزیر اطلاعات بیر سٹر فیروز جمال کاکا خیل  کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھاکہ ایم ڈی کیٹ میں 200 سے زیادہ طلبا سے پکڑے گئے گیجٹس کا فارنزک ہوگا۔ تمام گیجٹس کے نمونے اسلام آباد بھیج دیے گئے ہیں، سسٹم کو نقل سے پاک کرنے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے کام کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ 10 ستمبر کو ملک بھر میں میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ کا امتحان ہوا تھا جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی تھی۔

Back to top button