دو سال میں عمران خان نے صرف جھوٹ بولنے کا ریکارڈ قائم کیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ دو سال میں جھوٹ بولنے کا عمران خان کا ریکارڈ کوئی نہیں توڑ سکتا، آر ٹی ایس کو بٹھا کر سلیکٹڈ حکومت لائی گئی ہے،جو وعدے کنٹینر پر کئے تمام جھوٹ ثابت ہورہے ہیں،ہر شعبہ میں نقصانات، صدمات کا سامنا ہے،کوئی شعبہ نہیں جس میں چوری یاکرپشن نہ کی گئی ہو.
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے کرونا کو بیساکھی کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے،پارلیمنٹ کا لاک ڈاؤن ،سیاسی مخالفین کا لاک ڈاؤن ،میڈیا کا لاک ڈاؤن ،کیا یہ سب کچھ جمہوریت میں کرنے دیا جا سکتا ہے. ان کا مزید کہنا تھا کہ بنی گالہ کا خرچا کہاں سے آیا ،ایک کروڑ نوکریاں کہاں گئیں ،پچاس لاکھ گھر کہاں گئے ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ جس پارٹی نے مشرف کا سامنا کیا ہو وہ اس طرح کی فاشسٹ حکومت سے نہیں ڈرتی،ڈیل اگر کرنی ہوتی تو نواز شریف مریم نواز کیساتھ واپس نہیں آتے ،نواز شریف جلد اپنا علاج مکمل کرا کر واپس آجائیں گے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہاکہ پی آئی ڈی میں صبح پھول لگا کرجس کارکردگی کامظاہرہ کیا گیا وہ ناکام ہے،جھوٹ بولنے کی مقداروزرا کی انتہائی زیادہ تھی۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ 2 سال میں جھوٹ بولنے کا عمران خان کا ریکارڈکوئی نہیں توڑ سکتاجبکہ عوام نے بھی جھوٹ سن سن کر تمام ریکارڈ توڑڈالے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ اگر آپ ایک وزیر یا تمام وزراء سے بھی جھوٹ بلوائیں گے پھر بھی جھوٹ نہیں بکے گا۔
انہوں نے کہاکہ دو سال مکمل ہونے پر ایک بھی وعدہ مکمل نہیں ہوا، آر ٹی ایس کو بٹھا کر سلیکٹڈ حکومت لائی گئی ہے،ان ریمارکیبل وزیر اعظم کی ناکامی کی داستان ہے،جو وعدے کنٹینر پر کئے وہ تمام جھوٹ ثابت ہورہے ہیں، کوئی شعبہ نہیں جس میں چوری یاکرپشن نہ کی گئی ہو۔ انہوں نے کہاکہ مختصر ترین وقت میں ایسی ناکامی کسی دور میں نہیں ہوئی،یہ واحد وزیر اعظم ہے جو نوٹس لیکر تباہی کرتا ہے،یہ نوٹس لیکر عوام کو ریلیف نہیں دیتے تباہی کرتے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ کھلنڈروں کا ٹولااقتدار میں ہے اور عوام اس کرب سے گزرہی ہے،جس قابلیت و ایمانداری کا دکھاوا کیا گیا وہ محض جھوٹ تھا،ملکی معیشت کو تباہ کردیا گیا ہے،2018 میں ہم جو معیشت چھوڑ کرگئے اسکا حال سب کے سامنے ہے۔
مریم اور نگزیب نے کہاکہ اس وقت تباہ کن حالات ہیں ،عوام پر کرپٹ اور نا اہل ٹولہ مسلط ہے جو عوام اور ملک کا بیڑا غرق کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کرونا کو بیساکھی کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے،تیرا ہزار ارب روپے کا قرضہ کس کی جیب میں گیا ۔ یہ قرض عوام کی بھلائی پر نہیں لگا بلکہ کرپٹ ٹولے کی جیبوں میں گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ نواز شریف کے دور میں چینی 52 روپے کلو تھی،عمران خان اور کرپٹ ٹولے کی وجہ سے چینی 105 روپے میں مل رہی ہے،پاکستان کی ایکسپورٹ آج نواز شریف کے دور کی ایکسپورٹ سے کم ہے،کہاں گئے وہ دعوے اور وہ وعدے جو عوام سے کئے تھے. ان کا کہنا تھا کہ آپ نے تو آئی ایم ایف جانے سے قبل خود کشی کرنا تھا،آج عوام کے چولہے آئی ایم ایف کے حوالے کردیئے گئے ہیں،آپ نے تو خود کشی کرنی تھی لیکن آئی ایم ایف نہیں جانا تھا پھر کیا ہوا. وزیراعظم ہاؤس میں جو یونیورسٹی بنی تھی وہ کہاں گئی۔انہوں نے کہاکہ شیری مزاری نے خود تسلیم کیا کشمیر پالیسی ناکام ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے ہمیشہ گالی ملی،میاں نواز شریف موجودہ حکومت اور کورٹ کی اجازت بیرونی ملک علاج کیلئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج بھی شہباز شریف جھوٹے الزام میں نیب پیش ہورہے ہیں،ہر روز مسلم لیگ کا میڈیا ٹرائل ہورہا ہے،خدارا نوجوانوں کو روزگار دیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈیل اگر کرنی ہوتی تو شہباز شریف نیب کے عقوبت خانے میں نہ ہوتے،سزائے موت کی چکیوں اور کال کوٹھڑیوں میں نہ ڈالا جاتا ۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ کو ہر روز نیب نیازی گٹھ جوڑ کا سامنا ہے ،ہمارے ساتھ جو کرنا ہے وہ ہم پہلے بھی بھگت چکے ہیں ہم ڈرنے والے نہیں
