سعودی نائب وزیر دفاع اور جنرل باجوہ کی ملاقات

سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز سے پیر کو پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ہے۔ ان کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی تھے۔
تاہم معلوم ہوا ہے کہ ابھی تک آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کا کوئی شیڈول طے نہیں ہو سکا.
سعودی نائب وزیر دفاع شہرادہ خالد بن سلمان نے ٹویٹ کیا کہ ’میں نے آج اپنے برادر پاکستانی آرمی چیف جنرل قمرباجوہ سے ملاقات کی۔ ہم نے سعودی اور پاکستان کےدوطرفہ تعلقات، عسکری تعاون اورعلاقائی امن کے تحفظ کےلیے دونوں ملکوں کے مشترکہ تصور پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی خبر رساں کے مطابق شہزادہ خالد بن سلمان اور پاکستان کے آرمی چیف نے دونوں برادر ممالک کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا ۔خصوصاً دونوں ملکوں کے عسکری اور دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ باہمی دلچسپی کے امور اور امن استحکام کے تحفظ کےلیے مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے طور طریقوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر سعودی افواج کے سرابرہ جنرل فیاض بن حامد الرویلی، مشیر وزیر دفاع میجر جنرل انجینئر طلال بن عبداللہ العتیبی اور نائب وزیر دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل ہشام بن عبدالعزیز بن سیف بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ پاکستانی آرمی چیف پیر کی صبح سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچے ہیں۔ قبل ازیں سعودی افواج کے چیفس آف سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی سے پیر کو ریاض میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد نےملاقات کی تھی۔ سعودی وزارت دفاع نے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا تھا کہ ‘جنرل الرویلی نے پاکستان کے آرمی چیف کا ان کے دوسرے گھر سعودی عرب میں خیر مقدم کیا ہے۔’
