دپیکا پڈوکون ’’سنگھم اگین‘‘ میں سرپرائزڈ اینٹری دینے کو تیار
بالی ووڈ کی ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون جلد ’’سنگھم اگین‘‘ میں ایک دبنگ پولیس افسر کے روپ میں جلوہ گر ہوں گی، یاد رہے کہ سنگھم کے پہلے دو پارٹس میں اداکارہ کاجول کے شوہر اجے دیوگن نے خطرناک سٹنٹ کرتے ہوئے پولیس والے کا کردار ادا کیا تھا، لیکن اس مرتبہ دپیکا فلم بینوں کو لیڈی سنگھم کے روپ میں نظر آنے والی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار رنویر کپور سے شادی کرنے والی دپیکا مشہور بالی ووڈ فلم سنگھم کے تیسرے حصے میں لیڈی پولیس کی وردی پہنے ہوئے نظر آئیں گی، نامور بالی ووڈ ہدایتکار روہت شیٹی نے اس مرتبہ اپنی پولیس سیریز کیلئے مرد کی بجائے ایک دبنگ لیڈی پولیس افسر کو لیڈ کردار دیا ہے۔دیپیکا اس سیریز کی پہلی پولیس ہیروئن ہوں گی جس کی تصدیق بھارتی میڈیا نے بھی کی ہے، روہت شیٹی نے تصدیق کی کہ ’سنگھم‘ سیریز کی تیسری فلم میں دیپکا ہی لیڈی سنگھم کے روپ میں دکھائی دیں گی۔روہت شیٹی کے مطابق فلم میں اجے دیوگن اپنے روایتی یعنی سنگھم کے کردار میں دکھائی دیں گے۔ دیپکا نے بتایا کہ ان کی تیسری سنگھم فلم کی شوٹنگ آئندہ سال شروع ہوگی۔ روہت کی پہلی ایکشن فلم ’سنگھم‘ کو 2011 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس میں اجے دیوگن نے پولیس افسر کا کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم کو بہت پسند کیا گیا تھا۔
پہلی فلم کی کامیابی کے بعد اس سیریز کی دوسری فلم ’سنگھم رٹرنز‘ کو 2014 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس میں بھی اجے دیوگن ایکشن میں دکھائی دیے تھے۔اب ہدایت کار نے 8 سال بعد سیریز کی تیسری فلم کو ریلیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’سنگھم اگین‘ میں لیڈی سنگھم کا کردار بھی شامل کیا جائے گا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ سنگھم سیریز کی تیسری فلم میں اکشے کمار کے ’سوریا ونشی‘ اور رنویر سنگھ کے ’سمبا‘ کے کردار کو بھی مختصر طور پر دکھایا جائے گا، کیوں کہ یہ دونوں فلمیں بھی روہت شیٹی نے بنائی تھیں اور دونوں فلمیں پولیس افسران پر بنی ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں ٹرافی اٹھانے کا اعزاز بھی حاصل کرنے والی ہیں، دیپیکا کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ وہ قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں ٹرافی کی رونمائی کریں گی۔ اداکارہ 18 دسمبر کو قطر کے شہر لوسیل کے سٹیڈیم میں ٹرافی کی نقاب کشائی کریں گی جس کیلئے وہ جلد قطر روانہ ہوں گی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ دیپیکا ایسی پہلی اداکارہ ہوں گی جنہیں دنیا میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کھیل کی ٹرافی کی رونمائی کا اعزاز حاصل ہوگا۔ یاد رہے کہ دیپیکا کو ’گولڈن ریشیو آف بیوٹی‘ کے مطابق دنیا کی 10 خوبصورت ترین خواتین میں شمار کیا جاتا ہے، وہ رواں سال 75 ویں کانز فلم فیسٹول میں بھی بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے فیسٹول میں جیوری ممبر مقرر کی گئی تھی۔
