خبردار! عمران نیازی معیشت دشمن ایجنڈے سے باز آ جائے

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی پارلیمانی نظام جمہوریت پر حملے کی تیاریاں کر رہا ہے، خبردار کرتا ہوں کہ عمران نیازی معیشت دشمن ایجنڈے سے باز آ جائے، ملکی سلامتی کو کمزور کرنے کی ہرایک مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے ۔
ایک بیان میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ حکومت کو بلیک میل کرنے، اسلام آباد پر مسلح جتھوں کے ذریعے حملہ کرنے اور اپنے مذموم سیاسی ایجنڈے کو نافذ کرنے میں بری طرح ناکامی کے بعدعمران خان اب پارلیمانی نظام جمہوریت پرحملہ آور ہونے پر تلا ہواہے، کسی آئینی اور قانونی جواز کے بغیر محض اپنے مذموم سیاسی مقاصد اور ملک دشمن بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے اگر ہم نے ایک مرتبہ حملے کو کامیاب ہونے دیا تو پھر باربار یہ عمل دہرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں بیٹھی اپوزیشن حصول اقتداراور اپنے سیاسی ایجنڈے کے حصول کیلئے یہ حربہ آزمائے گی جس سے خدشہ ہے کہ پارلیمانی نظام جمہوری اپنے انجام کو پہنچ جائے گا، عمران خان نیازی کا پارلیمانی جمہوری نظام پراعتماد کسی سے بھی ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ یہ اپنے حصول اقتدار کیلئے کسی بھی غیرآئینی اورغیر جمہوری ہتھکنڈے کو استعمال کرنے سے باز نہیں آئیگا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا ہم پاکستان کو سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار کرنے کی عمران خان نیازی کی ہر مذموم سازش اور عمل کو جمہوری طریقے سے ناکام بنائیں گے۔
