راوی ریور اربن پروجیکٹ کے چیئرمین نے ‘حکومتی رویہ سے دلبرداشتہ‘ ہو کر استعفیٰ دے دیا

لاہور میں نیا شہر بنانے کا بڑا منصوبہ ’راوی ریور اربن منصوبے‘ سے متعلق راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے چیئرمین راشد عزیز نے مبینہ طور پر حکومتی رویہ سے دلبرداشتہ ہوکر استعفی دے دیا۔
چیئرمین کی جانب سے پیش کیے جانے والے استعفے کے بعد منصوبہ شروع ہونے سے پہلے ہی مبینہ طورپر تنازعات کا شکار ہوگیا ہے۔ چئیرمین روڈا راشد عزیز نے استعفی چیف سیکریٹری کو ارسال کردیا۔ اس حوالے سے روڈا سے وابستہ ایک عہدیدار نے بتایا کہ راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے حکومتی رویے سے دلبرداشتہ ہوکر استعفی دیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے کچھ روز قبل ہی چیئرمین کے اوپر چیف ایگزیکٹو کا عہدہ تشکیل دیا تھا اور عبوری چیف ایگزیکٹو کی تقرری بھی کر دی گئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے چیئرمین راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی تنخواہ بھی بند کردی تھی۔ اس ضمن میں انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے نئے عبوری چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی سے قبل چئیرمین کو اعتماد میں بھی نہیں لیا تھا۔ اتھارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت اشتہار دیکر مستقل چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی بھی کر رہی ہے۔ دوسری جانب راشد عزیز نے پیش کردہ استعفیٰ میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور چیئرمین روڈا اپنے عہدے پر قواعد کے مطابق استعفی کا 3 ماہ ایڈوانس نوٹس پیریڈ دے رہا ہوں۔ راشد عزیز راوی ریور اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے بانی چئیرمین ہیں۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ستمبر 2020 میں لاہور میں راوی ریور فرنٹ اربن ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ مذکورہ منصوبہ لاہور کی بھی ضرورت ہے کیوں کہ جس طرح لاہور کی آبادی بڑھتی جاری ہے، لاہور میں 40 فیصد کچی آبادی ہے، کسی نے ان کے بارے میں نہیں سوچا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے مختصر خطاب میں کہا تھا کہ منصوبے کے تحت 12 زونز بنیں گے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ راوی اتھارٹی بنائی ہے جس کے اندر کسی غیر متعلقہ ادارے کو مداخلت کی اجازت نہیں ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button