رنگ روڈ اسکینڈل: ن لیگ نے عمران خان کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا

راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل پر پاکستان مسلم لیگ ن نے وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بغیر رنگ روڈ منصوبے کی انکوائری مکمل نہیں ہوسکتی ، رنگ روڈ منصوبےکےمجرم عمران خان اوروزیر اعلیٰ پنجاب کو گرفتار کیا جائے، عوام عمران خان اورعثمان بزدارکی گرفتاری کی منتظر ہے، عمران خان اور عثمان بزدار کو گرفتار کرکے ہر روز کی بنیاد پر پیشی ہو اور فیصلہ سنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم کی کرسی پرجب تک بیٹھے ہیں، ٹیمپرنگ آف ریکارڈ ہوتی رہے گی، یہ نہیں ہو سکتا 400 ارب کی چینی چوری کا حکم عمران نے دیا ہو اور انکوائری کمیشن کا تماشا کیا جائے ، یہ نہیں ہوسکتا کہ 250 ارب کاآٹا چوری کا حکم دیں اور بعد میں انکوائری کمیشن کا تماشا کیا جائے۔ دوسری طرف حکومت نے راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل میں ملوث مسلم لیگ ن کے اہم کرداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابقہ حکمران نہ صر ف خود کرپشن کرتے تھے بلکہ کرپشن میں سہولت کاری کے عوض بھی حصہ وصول کرتے تھے ،موجودہ حکومت نے کرپشن کے آگے بندھ باندھا ہے ،راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں مسلم لیگ (ن) سے جڑے کئی کرداروں کے نام سامنے آئے ہیں جن کی تحقیقات ہوں گی ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے نہ صرف خود بے تحاشہ کرپشن کی بلکہ کرپشن کو آئوٹ سورس بھی کیا ہوا تھا ،موجودہ حکومت کرپشن کے ناسور کی جڑیں کاٹتے کاٹتے کامیابی کے قریب پہنچ گئی ہے ، سابقہ حکومتوں میں کرپشن کو برائی نہیں سمجھا جاتا تھا جب کہ وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف مہم کی وجہ سے آ ج لوگ کرپشن اور کرپشن کرنے والوں سے نفرت کرتے ہیں ، اسی لیے حکومت نے راولپنڈی رنگ روڈ کی کرپشن پکڑ کر 20 سے 23 ارب بچائے ہیں،کسی حکومت نے اپنے دور میں کبھی کرپشن نہیں پکڑی، حکومت نے خود کرپشن پکڑ کر نیب کو انکوائری کا کہا، وزیراعظم کا واضح نکتہ نظر ہے کہ کرپشن پرسمجھوتہ نہیں ہوگا۔
