روس نے عمران کا سستے پٹرول کا بیانیہ پنکچر کر دیا


روس کے قونصل جنرل آندرے وکٹرووچ فیڈروف نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ روس کے دوران رعایتی قیمت پر گیس اور تیل کی فراہمی پر بات چیت ہوئی تھی لیکن کوئی معاہدہ نہیں ہو پایا تھا۔ انہوں نے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کے اس دعوے کی تردید کی کہ روس اور پاکستان کا سستے تیل کی خریداری بارے کوئی معاہدہ ہوا تھا۔ انکا کہنا تھا کہ جب دوست ممالک ایسی ڈیل کرتے ہیں تو اسکے لیے باقاعدہ معاہدہ کیا جاتا ہے، خصوصاً جب دو سربراہان مملکت ملتے ہیں تو ایسے معاہدے پہلے سے طے ہوتے ہیں اور ان پر صرف دستخط کیے جاتے ہیں۔ لیکن اس حوالے سے نہ تو کبھی کوئی مذاکرات ہوئے تھے اور نہ ہی کوئی معاہدہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے سابق وزیراعظم عمران خان نے مسلسل یہ دعویٰ کیا ہے کہ ان کے دورہ روس کے دوران ماسکو کے ساتھ سستے تیل اور گیس کی خریداری پر معاملات طے پا گئے تھے لیکن نئی حکومت نے ان پر عمل درآمد نہیں کیا۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ نااہل حکومت روس سے 30 فیصد کم قیمت پر تیل لینے کی ڈیل پر کام نہیں کر سکی۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں پکے منہ کے ساتھ جھوٹ بولنے والے عمران کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مقابلے میں انڈیا، جو امریکہ کا اتحادی بھی ہے، روس سے سستا تیل خرید کر پاکستانی روپوں میں 25 روپے تک قیمتیں کم کر چکا ہے۔ عمران نے کہا کہ ‘پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 20 فیصد یعنی 30 روپے تک کے اضافے، جو ملکی تاریخ میں ایک بار میں سب سے بڑا اضافہ ہے، کی قیمت قوم کو چکانی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ نالائق حکمرانوں کی وجہ سے قوم کو مہنگائی کی ایک بڑی لہر کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تاہم یاد رہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پٹرول کی قیمتیں بڑھانے کا معاہدہ عمران خان حکومت نے کیا تھا جس پر عملدرآمد کے سوا شہباز حکومت کے پاس کوئی چارہ نہیں تھا۔

دوسری جانب کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران روسی قونصل جنرل آندرے وکٹرووچ فیڈروف نے کہا کہ جب دوست کسی ٹيبل پر بيٹھتے ہيں تو اچھے نتائج نکلتے ہيں۔ انہوں نے کہا کہ روس پر لگنے والی پابندیاں پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بھی متاثر کر سکتی ہیں۔ ایک سوال پر روس کے قونصل جنرل نے کہا کہ ہم پاکستان کو سستی قیمت پر پیٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے کیلئے مذاکرات پر تیار ہیں، دوست ممالک آپس ميں بيٹھتے ہيں اور پھر کسی نتیجے يا معاہدے پر پہنچتے ہيں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس پر دوستوں کی طرح بات ہونی چاہئے، بزنس پارٹنرز کی طرح نہيں اور ہم تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان ہمارا دوست ہے، ہم اپنے دوستوں کيساتھ ہر قسم کی بات چيت کيلئے تيار ہيں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران آندرے وکٹرووچ فیڈروف نے کہا کہ موجودہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے روس سے سستے تیل کی خریداری پر ہم سے بات کی ہے، اور گفتگو آگے بڑھ رہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ مغرب کے دباؤ کے باوجود پاکستان کے ساتھ روس کے تعلقات بہت بہتر ہیں۔

Back to top button