روپے کے مقابلے میں ڈالر مہنگا، سونا کئی روز بعد سستا ہوگیا

پاکستانی روپے کے مقابلے میں انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں21 پیسہ اضافہ سے 225.43 روپے سے بڑھ کر 225.64 روپے کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں10 پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت فروخت 234.40 روپے سے بڑھ کر234.50روپے پر جا پہنچی۔

اس کے علاوہ یوروکی قدر میں1 روپے کا اضافہ ہوا جس سے یورو کی قیمت فروخت 260 روپے سے بڑھ کر 261 روپے جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت پچاس پیسے اضافے سے 297 روپے 50 پیسے پر پہنچ گئی۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کم ہونے کے سبب مقامی صرافہ بازاروں میں بھی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

کاروباری ہفتے کے پانچویں یعنی جمعے کے روز عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں 18 ڈالرز کی کمی ہوئی جس کے بعد قیمت 1797 کی سطح پر پہنچ گئی۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باعث مقامی سطح پر سونے کی قیمت 3350 روپے کمی سے 1 لاکھ 77 ہزار300 اور دس گرام سونے کی قیمت 2872 روپے کمی سے 1 لاکھ 52 ہزار6 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

ادھر چاندی کی فی تولہ قیمت 2100 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

Back to top button