سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کا فیصلہ آج سنائے جانے کا امکان

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 9 سال سے زیر سماعت سانحہ بلدیہ فیکٹری کا مقدمہ انجام کو پہنچنے والا ہے اور پراسیکیوشن کے دعوے کے مطابق کیس کا فیصلہ آج 17 ستمبر کو سنایا جائے گا۔
سینٹرل جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت میں 2 ستمبر کو فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ اس کیس میں فروری 2017 میں ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی، رحمان بھولا، زبیر چریا اور دیگر پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ 11 ستمبر 2012 کو بلدیہ فیکٹری آتشزدگی کیس میں 260 افراد جل کر جاں بحق ہوگئے تھے اور فیکٹری مالکان نے آتشزدگی کا ذمہ دار ایم کیو ایم کو قرار دیا تھا۔ کیس میں ملزمان کے خلاف 400 عینی شاہدین اور دیگر نے اپنے بیان ریکارڈ کرائے اور کیس سرکار کی پیروی رینجرز کے اسپیشل پبلک پراسکیوٹر نے کی ہے۔
خیال رہے کہ بلدیہ کی ٹیکسٹائل فیکڑی میں ستمبر 2012 میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 250 سے زائد افراد زندہ جل گئے تھے۔دسمبر 2016 میں بلدیہ فیکٹری کیس میں ملوث ایک ملزم رحمان عرف بھولا کو انٹرپول کی مدد سے بینکاک سے گرفتار کرکے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔عبدالرحمان بھولا نے اپنے بیان میں اعتراف کیا تھا کہ اس نے حماد صدیقی کے کہنے پر ہی بلدیہ فیکٹری میں آگ لگائی تھی۔
بعدازاں 27 اکتوبر 2017 کو سانحہ بلدیہ فیکٹری کا مرکزی ملزم حماد صدیقی دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button