سرداراختر مینگل کا سابق صدر آصف زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ

سابق صدر آصف علی زرداری اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے. ذرائع کے مطابق دونوں رہنماوں کے مابین کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں حکومت کی مجرمانہ غفلت پر تبادلہ خیال کیا گیا. سابق صدر آصف زرداری اور سردار اختر مینگل نے ٹِڈی دَل کے حملوں کو روکنے میں حکومتی ناکامی اور بڑھتی غربت پر بھی بات چیت کی.سابق صدر آصف علی زرداری سے سردار اختر مینگل نے ان کی صحت بھی دریافت کی
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ ملک کو صدرزرداری جیسے سیاست دان کی ان حالات میں زیادہ ضرورت ہے کہ جب حکمرانوں کی غفلت کے سبب صورت حال دن بدن خراب ہورہی ہے. اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مشکل وقت میں معیشت کو سہارا دیا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک، جمہوریت اور غریبوں کو مضبوط کیا ہے. انھوں نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ اور امپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے ملک کو مسائل کی آماجگاہ بنادیا،پاکستان پیپلزپارٹی ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے اپنا قائدانہ کردار ادا کرتی رہے گی.
خیال رہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے 17 جون 2020 کے روز قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کی حکومت سے اتحاد ختم کرنے کا اعلان کیا ہے.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button