سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کاؤنٹر قائم کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت میں سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کائونٹر قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، ایم پی اے خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری، صوبائی سیکرٹریز، متعلقہ حکام اور ماہرین نے شرکت کی، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ ملتان، اور شیخوپورہ کے ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں کورونا اورڈینگی سے بچاؤ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں کورونا، ڈینگی اورکانگو وائرس کے بارے میں بریفنگ دی گئی، وبائی امراض کے ماہرین نے اپنی تجاویز اورسفارشات پیش کیں۔
وزیراعلی حمزہ شہباز نے ڈینگی کے مستند ڈیٹا کیلئے ڈیش بورڈ بنانے کی ہدایت کردی اور نے چیف سیکرٹری سے انسداد ڈینگی کے حوالے سے ہر ضلع کی کارکردگی رپورٹ طلب کرلی۔
حمزہ شہباز نےاجلاس سے خطاب میں کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے کئے گئے اقدامات اور فراہم کردہ ڈیٹا میں مطابقت ہونی چاہیئے، اضلاع کی کارکردگی رپورٹ 3 روز میں پیش کی جائے، فیلڈ وزٹ اور روزانہ میٹنگ کر کے انسداد ڈینگی کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ڈینگی کنٹرو ل کیلئے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اضلاع کی ستائش کی جائے گی، خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہو گی، ڈینگی کنٹرول کیلئے وارڈز اور یونین کونسل کی سطح پر عوامی نمائندوں سے معاونت لی جائے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کورونا، ڈینگی اور کانگو جیسے امراض چیلنج ہیں، مربوط انداز میں کام کرکے دکھانا ہوگا، عوام کو کورونا، ڈینگی اوردیگر امراض سے بچانے کا چیلنج ضرور پورا کریں گے۔
