‘سشانت کی موت پر خاموش تھے، ذاتی مفاد پر بول اٹھے’

سشانت سنگھ کی موت کے بعد پہلے تو بالی وڈ انڈسٹری پر ‘اقربا پروری’ کو فروغ دینے پر تنقید کی جا رہی تھی مگر اب جب سے ریا چکربورتی نے سشانت سنگھ کےلیے منشیات حاصل کرنے کےلیے ڈرگ ڈیلرز سے روابط کا اعتراف کیا ہے تو پوری انڈسٹری مشکل میں گھری نظر آ رہی ہے۔
کنگنا رناوت کے بیان نے تو بالی ووڈ انڈسٹری کےلیے ایک اور مشکل کھڑی کردی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ انڈسٹری کے 99 فیصد فنکار منشیات استعمال کرتے ہیں۔ اس بیان پر سب سے زیادہ ردعمل سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمان اور اداکارہ جیا بچن کی جانب سے سامنے آیا جس کے بعد امیتابھ بچن اور جیا بچن کے گھر کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق جیا بچن نے منگل کو پارلیمنٹ میں اپنے خطاب کے دوران کہا تھا کہ سشانت سنگھ کی موت کی تحقیقات میں منشیات کے استعمال کے انکشاف کی وجہ سے پوری انڈسٹری پر بے بنیاد الزام عائد کے جا رہے ہیں۔ ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حفاظتی اقدامات جیا بچن کو ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم پی اور اداکار روی کشن کے بالی ووڈ میں منشیات کے استعمال سے متعلق بیان پر تنقید کرتے ہوئے جیا بچن نے منگل کو کہا تھا کہ صرف چند افراد کی وجہ سے آپ پوری انڈسٹری کو داغدار نہیں کرسکتے۔ جس تھالی میں کھاتے ہیں اسی میں چھید کرتے ہیں۔
اگرچہ 72 سالہ جیا بچن کو ان کی جذباتی تقریر کے بعد بالی ووڈ سے کافی حمایت ملی مگر اس کے باوجود سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور ٹوئٹر پر ’شیم آن جیا بچن‘ کے ہیش ٹیگ سے ان کے خلاف تبصرے کیے گئے۔


بالی ووڈ کی ‘پنگا گرل’ کنگنا رناوت نے بھی جیا بچن پر تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ‘جیا جی! کیا آپ اس وقت بھی ایسا ہی بیان دیتیں جب میری جگہ پر آپ کی بیٹی شویتا کو مارا پیٹا جاتا، گھسیٹا جاتا اور ان کی بے حرمتی کی جاتی؟’ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کیا آپ تب بھی یہی کہتیں اگر ابھیشیک مسلسل اپنے خلاف غنڈہ گردی اور ہراساں کرنے کی شکایت کرتے رہتے اور ایک دن خود کو پھانسی لگائے ہوئے ملتے؟۔ کنگنا رناوت نے مزید لکھا کہ آپ ہمارے ساتھ بھی ہمدردی کا اظہار کریں۔
ڈاکٹر ابھیشیک نامی صارف نے لکھا کہ اتنے وقت سے سب بالی ووڈ والے شانت تھے جیسے ہی ڈرگ اینگل آیا تو جیا بچن نے یہ مدعا پارلیمنٹ میں اٹھایا۔
ہیما سنہا نامی صارف نے لکھا کہ جیا بچن ہمیشہ اپنے خاندان کےلیے ہی بولی ہیں انہوں نے عوام یا ملک کےلیے کچھ نہیں کہا۔ انہیں اتنا پیسہ اور شہرت کس لیے دیں؟
اشکرن سنگھ بھنداری نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ کاش بچن فیملی سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تحقیقات سی بی آئی سے کرانے کےلیے بھی کچھ بولتی۔ انڈسٹری کا ایک نوجوان اداکار مر گیا اور یہ خاموش رہے، صرف اپنے ذاتی مفاد کےلیے بولتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button