سعد رفیق اور خواجہ احمد حسان کی عدالت میں لڑائی

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ احمد حسان کے مابین تلخ کلامی ہوگئی۔ احتساب عدالت میں شہباز شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، دوران شہباز شریف سمیت لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ احمد حسان بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے، اس دوران خواجہ سعد رفیق اور خواجہ احمد حسان کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ ہوگیا اور خواجہ احمد حسان نے کمرہ عدالت میں شہباز شریف کے سامنے خواجہ سعد رفیق کو شٹ اپ کہہ دیا، تاہم شہباز شریف نے سیٹ سے اٹھ کر دونوں کے درمیان بچ بچاؤ کروایا۔
خواجہ احمد حسان کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق لاہور جلسے سے متعلق شہباز شریف کو بریفنگ دے رہے تھے، میرے خلاف غلط باتیں شہباز شریف کو خواجہ سعد رفیق نے بتائی۔ دوسری جانب عدالت نے شہباز شریف کی استدعا پر سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی، شبہازشریف نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ میرے وکیل بیمار ہیں، انہوں نے آج سپریم کورٹ بھی پیش ہونا تھا لیکن وہ بیماری کے باعث وہاں بھی پیش نہیں ہوئے، عدالت سے بڑے ادب سے گزارش کر رہا ہوں کہ آج سماعت نہ کی جائے۔
