سعودی ولی عہد،امریکی صدرکا خطے میں استحکام کیلئے کوششوں پراتفاق

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امریکی صدرجو بائیڈن کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے اسرائیل حماس جنگ کے تناظر میں تنازعے کے پھیلاؤ کو روکنے پر اور خطے میں استحکام کیلئے سفارتی کوششیں بڑھانے اور اتفاق کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد نے امریکی صدر سے رابطے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کسی بھی طریقے سے سویلینز کو نشانہ بنانے اور عام لوگوں کی زندگیوں سے متعلق انفرااسٹرکچرپر حملوں کی مذمت کرتا ہے۔انہوں نے جنگ بندی اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے اور دنیا کے امن کو درپیش ممکنہ خطرات کو روکنے کیلئے غزہ کے محاصرے کا خاتمہ جلد از جلد جنگ بندی ضروری ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں کی جانب سے آنے والے دنوں میں ذاتی طورپر اور اپنی ٹیموں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ میں امداد تیزی سے نہیں پہنچ رہی، امریکا فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور وقار کے حق کیلئے پُرعزم ہے۔ حماس کے جنگجوؤں کی کارروائیاں اس حق کو نہیں چھین سکتیں۔
