سونے کی قدر میں ایک دن میں 2 مرتبہ اضافہ

سالِ نو کے آغاز پر سونے کی قدر ایک دن میں 2 مرتبہ اضافے کے بعد تاریخ کی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں پہلا اضافہ 550 روپے جب کہ دوسرا اضافہ 600 روپے کا ہوا ہے۔
اگست 2019 میں ایک تولہ سونے کی قیمت 90 ہزار ایک سو 50 جب کہ دس گرام سونے کی قیمت 77 ہزار 2 سو 89 تک پہنچ گئی اور عالمی سطح پر سونے کی قیمت ایک ہزار 5 سو46 ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔
آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن نے جمعے کے مقابلے میں گزشتہ روز عالمی سطح پر سونے کی قیمت ایک ڈالر اضافے کے بعد ایک ہزار 5 سو 52 ڈالر فی اونس تک پہنچنے کے باوجود پہلے ایک تولہ سونے کی قیمت ساڑھے 5 سو روپے اضافے کے بعد 90 ہزار 2 سو روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 4 سو 72 روپے اضافے کے بعد 77 ہزار 3 سو 32 روپے جاری کی تھی۔
تاہم ایک گھنٹے کے بعد آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن نے عالمی مارکیٹ کے ایک ہزار 5 سو 52 ڈالر فی اونس کی بنیاد ہی پر ایک تولہ سونے کی قیمت میں 600 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 5 سو14 روپے کے اضافے کے ساتھ نئی قیمتیں جاری کی تھیں۔
جس کے نتیجے میں صرف ایک دن میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار 150 روپے جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 986 روپے اضافہ ہوا۔
یکم جنوری 2019 سے لے کر گزشتہ روز تک ایک تولہ سونے کی قیمت میں 23 ہزار روپے جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 19 ہزار 7 سو 18 روپے اضافہ ہوا اور اسی عرصے میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 2 سو 69 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی تھی۔
آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ہارون رشید چند عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں حالیہ اضافے کو ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافے سے منسوب کیا۔
