سپر ماڈل مشک کلیم کا شادی کے بعد بھی ماڈلنگ کرنے کا اعلان

معروف سپر ماڈل مشک کلیم اپنی شادی کی تقریبات ختم ہوتے ہی پیا گھر سدھار گئی ہیں لیکن انہوں نے بطور ماڈل شوبز میں کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی شادی تقریبات کا آغاز 15 دسمبر کی درمیانی شپ ہوا تھا، ماڈل نے نومبر میں ہی مداحوں کو شادی تقریبات اور 20 دسمبر کو پیا گھر سدھارنے کا بتایا تھا۔ مشک کلیم نے 15 دسمبر کی درمیانی شب شادی کے فنکشن کی ویڈیوز اور تصاویر بھی انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں، شادی تقریبات کے دوران مشک کلیم کو اپنے ہمسفر نادر ضیا کیساتھ گیتوں پر پرفام کرتے بھی دیکھا گیا۔
یاد رہے کہ مشک کلیم کا نکاح 15 دسمبر، رخصتی 17 دسمبر اور ولیمے کی تقریب 18 دسمبر کو منعقد ہوئیں، جن میں متعدد شوبز و فیشن شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ماڈل نے ولیمے کی تقریب سے شوہر کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی، جس پر کئی شوبز و فیشن شخصیات سمیت ان کے مداحوں نے مبارک باد کے کمنٹس کیے، نئی زندگی پر نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ مشک کلیم اور نادر ضیا کی ولیمے کی تقریب کی تصاویر بھی متعدد شوبز پیجز پر شیئر کی گئی جبکہ ولیمے سے قبل ماڈل نے شوہر کے ہمراہ فوٹوشوٹ بھی کروایا، مشک کلیم اور نادر ضیا کا فوٹوشوٹ ’دی ویڈیوگرافر‘ نے کیا اور ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
یاد رہے کہ مشک کلیم نے انتہائی کم عمری میں 2009 سے ماڈلنگ کا آغاز کیا اور انہیں ماڈلنگ کی دنیا میں ایک دہائی سے زیادہ عرصہ گزر چکا، ماڈل کی عمر 27 سال ہے، سال 2020 میں لکس سٹائل ایوارڈز میں بہترین ماڈل کا ایوارڈ بھی جیتا تھا جبکہ اس سے قبل بھی وہ متعدد ایوارڈز اپنے نام کر چکی تھیں۔ مشک کلیم کا شمار ملک کی سپر ماڈلز میں ہوتا ہے اور وہ تمام بڑے برانڈز کے ساتھ کام کر چکی ہیں، مشک کلیم حیران کن طور پر فیشن اور میک اپ مصنوعات کے بجائے موم بتی کے کاروبار سے بھی متصل ہیں اور ان کی موم بتی کا نام بھی مشک ہے۔ تاہم مشک کلیم نے شادی کے بعد بھی ماڈلنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا یے۔
