مریم نواز نے عمران خان سے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا
نیب پراسیکیوٹر کی عدم حاضری پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی، مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان کو دنیا کی کوئی طاقت سپورٹ نہیں کرسکتی، وہ رہی سہی عزت بچاتے ہوئے عہدے سے مستعفی ہو جائیں، کے پی کے الیکشن میں کامیابی پر مولانا فضل الرحمن کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف مریم نواز کی اپیل پر سماعت ہوئی، نیب نے مریم نواز کی اپیل پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کر دی۔
نیب پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ مجھے بخار ہے، اپیلوں پر سماعت آئندہ کسی بھی تاریخ تک ملتوی کی جائے، عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 18 جنوری تک ملتوی کر دی، مریم نواز پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی وقت تھا جو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی استدعا کرتا تھا آج التوا مانگ رہا ہے۔
پی ٹی آئی کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو خیبرپختونخوا میں جیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کا نتیجہ پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی ہے، ایک وقت آئے گا پی ٹی آئی سے کوئی ٹکٹ بھی نہیں مانگے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کو لاہور، خانیوال ،پشاور اور خیبرپختونخوا کے ہر ضلع سے شرمناک شکست ہوئی، پہلی حکومت ہے جوایک کے بعد ایک انتخاب ہار رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے پاس ابھی بھی موقع ہے، عوام کی جان چھوڑ دیں اور مستعفی ہوجائیں، عمران خان پر اس سے بھی بہت برا وقت آنے والا ہے، تھوڑی بہت رہی سہی عزت کو بچا کر خدا حافظ کہیں، اعتراف کریں میں ناکام ہوگیا مجھ سے ملک اب نہیں چل رہا، تھوڑی سی بھی عزت والا شخص ہوتا تو خدا حافظ کہہ کر چلاجاتا۔
