سگریٹ کی مارکیٹنگ پر مزید پابندیاں عائد

وزارت صحت نے سگریٹ اشتہارات، انڈسٹری کی اسپانسرشپ اور انعامی اسکیموں پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری ۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق سگریٹ کے پوسٹرز، اسکرین، سینما گھروں میں تمباکو نوشی کی مصنوعات کی تشہیر پر مکمل پابندی ہوگی، سگریٹ بنانے والی کمپنیاں کسی بھی دکان کے اندر یا باہر کوئی اشتہار نہیں لگا سکیں گی۔ پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے ذریعہ تمباکو مصنوعات کی تشہیر پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کسی کو ذاتی ای میل یا ڈاک کے ذریعہ اشتہار نہیں دیا جاسکے گا، کم عمر بچے اب تمباکو مصنوعات کی اشتہاری مہم کا شکار نہیں ہوں گے، ملک میں ہر سال 1 لاکھ 66 ہزار افراد تمباکو نوشی کے باعث مختلف بیماریوں سے ہلاک ہوتے ہیں، تمباکو نوشی کی روک تھام کےلئے موثر قانون سازی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، قانون کے اطلاق کےلئے ہر ممکن حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔
