ٹیلی کام بل سے کسی کی ذاتی زمین اور جائیداد پر زبردستی قبضہ نہیں ہوگا: شزا فاطمہ

وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام بل سے کسی کی ذاتی زمین اور جائیداد پر زبردستی قبضہ نہیں ہوگا،نجی پراپرٹیز کے حوالے سے کیٹگریز طے کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ میں ترامیم کے حوالے سے پریس کانفرنس کی۔شزا فاطمہ خواجہ نے بتایاکہ ہم نے دنیا کی سب سے بڑی سپیکٹرم آکشن کی،وقت کے ساتھ نظام میں بہتری لانا ضروری ہے۔
وزیر آئی ٹی نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے کہا کہ بل سے متعلق لگائے گئے الزامات پر انکوائری کروائی جائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ کمیٹی کو کسی ایک کمپنی کو نوازے جانے کے الزام کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ہم ڈیجیٹل معیشت کی طرف بڑھ رہے ہیں،تعلیمی مقاصد اور فری لانسنگ کےلیے ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی ضروری ہے،ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے تناظر میں قانون کو بہتر بنانے پر غور شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے بل میں تمام سقم دور کرنے کی ہدایت کی،ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کےلیے پبلک پراپرٹی کے استعمال کو فری کر دیا گیا، نجی پراپرٹیز سے متعلق کیٹیگریز طے کی جائیں گی،کمیٹی کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی ہے۔
