سیمی راحیل نے ایوارڈز منتظمین کو آڑے ہاتھوں کیوں لیا؟

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا معروف نام سیمی راحیل نے ایوارڈز انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چند سالوں سے مسلسل دیکھتی آ رہی ہوں کہ خراب کارکردگی کے حامل فنکاروں کو نوازا جا رہا ہے۔ ایوارڈز شو میں کم نظر آنے کے سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میری ایوارڈز شو میں عدم شرکت کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ مجھے ایوارڈز کے لیے منتخب نہیں کیا جاتا ہے۔
ایک انٹرویو میں سیمی راحیل نے انکشاف کیا کہ شاید ایوارڈز انتظامیہ کو منصفانہ رائے رکھنے والے لوگ نہیں چاہئے، اس لئے مجھے نہیں بلاتے اور میں جانا بھی نہیں چاہتی۔ انڈسٹری میں غیر منصفانہ ایوارڈز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سیمی کا کہنا تھا کہ ہماری انڈسٹری میں بُرے اداکاروں کو ایوارڈز دے دیا جاتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہاں ایک طے شدہ کھیل چل رہا ہے، میں سمجھتی ہوں کہ بہت سارے اچھے اداکاروں کو ایوارڈ نہیں دیے جا رہے، اداکارہ نے سکرین پر کم نظر آنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ خود ہی شوبز میں کم کام کرنا پسند کرتی ہیں، انکا۔کہنا تھا کہ میں آرٹسٹ ہوں کوئی کمرشل مشین نہیں، آرٹسٹ اور کمرشل مشین میں فرق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو گِلہ ہے میں سکرین پر کم نظر آتی ہوں تو ان سے کہنا چاہتی ہوں کہ میں سکرین پر ہی ہوں، میں کہیں نہیں گئی۔ مجھے کام کرتے ہوئے 45 سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن کم کم ہی کام کرتی ہوں، کام کے علاوہ بھی میری مصروفیات ہیں، میری فیملی، میرا گھر ہے اور میرا اپنا کام ہے۔
حال ہی میں سیمی راحیل نے ڈرامہ ’دل آویز‘ اور ’عشق لا‘ میں کام کیا، انہوں نے کہا کہ آج کل جس قسم کے ڈرامے بن رہے ہیں، ان کے بارے میں وہ کچھ نہیں کہنا چاہتیں، بقول ان کے ’جو کونٹینٹ تیار کیا جا رہا ہے وہ آپ کو پسند ہے؟ جو گفتگو ٹی وی پر کی جا رہی ہے کیا وہ اچھی ہے اور جو رویے ہیں کیا وہ اچھے ہیں؟
