سینکڑوں کیسزری اوپن ہونے پر نیب کو عملے کی کمی کاسامنا

سپریم کورٹ کے ایک حالیہ فیصلے کے نتیجے میں سیکڑوں کیسز دوبارہ کھلنے کے پیشِ نظر قومی احتساب بیورو (نیب) کے پاس کاغذی کارروائی کے ڈھیر کو سنبھالنے کے لیے عملہ ناکافی محسوس ہورہا ہے کیونکہ اس کے افسران کی ایک بڑی تعداد اس وقت دوسرے محکموں میں ڈیپوٹیشن پر ہے۔

 رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ نیب کے 30 سے زائد افسران کو گزشتہ 8 سے 10 ماہ کے دوران ڈیپوٹیشن پر دیگر محکموں میں بھیجا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے سے چند روز قبل نیب کے پاس اپنے ڈپٹی چیئرمین اور پراسیکیوٹر جنرل کے استعفوں کے بعد پہلے ہی اعلیٰ عہدیداروں کی کمی ہوچکی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے اب بظاہر ڈیپوٹیشن کے نتیجے میں پیدا ہونے والے خلا کو پُر کرنے کے لیے مختلف دیگر محکموں اور سرکاری اداروں کے افسران کی خدمات طلب کرلی ہیں۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نیب کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ نیب نے انٹیلی جنس ایجنسیوں مثلاً انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) اور ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) کے ساتھ ساتھ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے عملے کی خدمات طلب کرلی ہیں۔

عہدیدار کا کہنا ہے کہ نیب میں افسران کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کے سبب فرانزک آڈٹ اور تحقیقات کے شعبوں میں عملے کے ساتھ ساتھ ٹیکس سے جڑے معاملات کے ماہرین کی بھی ضرورت ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کے انٹیلی جنس اینڈ ویجی لینس سیل (آئی وی سی) کی سربراہی پہلے ایک حاضر سروس انٹیلی جنس افسر کرتا تھا، تاہم دیگر ایجنسیوں کے متعدد ڈیپوٹیشنسٹ جو نیب میں خدمات انجام دے رہے تھے، وہ پچھلی حکومت میں قانون سازی کے نتیجے میں نیب کے اختیارات محدود کیے جانے کے بعد اپنے اصل محکموں میں واپس بھیج دیے گئے تھے۔

Back to top button