سی ٹی ڈی افسران کو شہید کرنیوالے مبینہ دہشتگرد کی تصویر جاری

تحقیقاتی اداروں کی جانب سے خانیوال میں سی ٹی ڈی کے ڈائریکٹر اور انسپکٹر کو شہید کرنے والے مبینہ دہشتگرد کی تصویر جاری کر دی گئی ہے،خانیوال میں ایک ہوٹل کے پارکنگ ایریا میں موٹر سائیکل سوار دہشتگرد کی فائرنگ سے ڈائریکٹر سی ٹی دی نوید سیال اور انسپکٹر ناصر عباس جاں بحق ہوئے تھے۔
ہوٹل کے پارکنگ ایریا میں فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں دہشتگرد کو فائرنگ کرے دیکھا گیا تھا۔اب ایڈیشنل آئی جی پنجاب پولیس سلطان شہزاد نے حملہ کرنے والے دہشتگرد کی تصویر بھی جاری کر دی ہے اور ان کا بتانا ہے کہ مبینہ دہشتگرد عمیر نیازی کا تعلق خانیوال کے گاؤں 32/10 آر سے ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے خانیوال میں فائرنگ سے 2 سی ٹی ڈی افسران کی شہادت کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی افسران پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، پنجاب میں امن امان کی صورتحال باعث تشویش ہے، پنجاب حکومت ایسے واقعات کے روک تھام کے لیے اقدامات کرے۔
