شادی نہ کرنے کے اعلان کے بعد ملالہ نے نکاح کیوں کیا؟


جون 2021 میں واضح طور پر شادی نہ کرنے کا اعلان کرنے والی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے اچانک اپنے نکاح کا اعلان کر کے لوگوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ کچھ ماہ پہلے ملالہ نے ووگ میگزین کودئیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کا فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ بچے پیدا کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ملالہ نے یہ بھی کہا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں اور دوستوں کی طرح کیوں نہیں رہ سکتے؟ اس بیان پر ملالہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ بعد ازاں انکے والد ضیا الدین یوسف زئی نے کہا تھا کہ شادی سے متعلق ان کی بیٹی کے بیان کو انٹرویو کے سیاق و سباق سے ہٹ کر شیئر کیا گیا ہے اور ملالہ کے کہنے کا یہ مطلب نہیں تھا۔ تاہم ان کا جو بھی مطلب تھا حقیقت یہ ہے کہ اب ملالہ نے اپنا گھر بسانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملالہ نے ماضی میں جو باتیں کی تھیں ان کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں کیونکہ شادی تو ہر لڑکی نے کرنا ہوتی ہے۔ ملالہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ شادی ارینجڈ میرج ہے اور لڑکے کو ملالہ کے والد اور والدہ نے پسند کیا ہے۔
اس سے پہلے ملالہ یوسفزئی نے 9 نومبر کی شب ٹویٹ کے ذریعے یہ انکشاف کیا کہ ان کا نکاح ہو گیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ آج میری زندگی کا بہت قیمتی دن ہے۔ عصر اور میں ایک دوسرے کے شریک حیات بن گئے ہیں۔ ہم نے برمنگھم میں اپنے خاندانوں والوں کے ساتھ گھر پر نکاح کی ایک چھوٹی سی تقریب کی۔ ہمارے لیے دعا کیجیے گا۔’
نکاح کے موقع پر ملالہ یوسف زئی نے گلابی رنگ کا عروسی لباس زیب تن کیا جبکہ عصر ملک نے تھری پیس سوٹ کا انتخاب کیا۔ ملالہ کے والد ضیا الدین یوسف زئی نے بھی اس حوالے سے ایک ٹوئٹ کیا۔انہوں نے لکھا ‘جذبات کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں، ہم مسرت اور شکرگزاری کے جذبوں سے سرشار ہیں’۔ ملالہ یوسف زئی کی دوست نے بھی نکاح کی تقریب کی ایک تصویر انسٹا گرام پر شیئر کی۔ عصر ملک نے بھی اپنے انسٹا گرام پر ایک مختلف تصویر کو شیئر کیا۔
یاد رہے کہ سوات سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ ملالہ یوسفزئی 2012 میں ایک جہادی کے ہاتھوں اپنے سر پر گولی لگنے کے بعد انگلینڈ علاج کے لیے گئی تھیں جہاں انھوں نے سکونت اختیار کر لیا اور کچھ عرصہ قبل آکسفورڈ یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی۔ ملالہ یوسفزئی کی ٹویٹ کے بعد ان کو مبارکباد دینے کے لیے لوگوں کا تانتا بندھ گیا اور بڑی تعداد میں انھیں اور ان کے شوہر عصر ملک کو ٹویٹ کر کے انھیں دعائیہ کلمات سے نوازا۔
ملالہ یوسفزئی کے کرکٹ کے شوق کا کسے علم نہیں۔ انھوں نے متعدد بار اپنے انٹرویوز میں کھیل میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔اب حسن اتفاق یہ ہے کہ ان کے شوہر عصر ملک کا کرکٹ سے بہت قریبی تعلق ہے اور وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ‘ہائی پرفارمنس’ جنرل مینیجر ہیں۔لاہور کے معروف تعلیمہ ادارے ایچیسن کالج اور پھر لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز یعنی لمز سے پڑھائی کرنے والے عصر ملک پی سی بی میں نوکری کرنے سے قبل پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز سے بھی منسلک رہے ہیں جن کے لیے انھوں نے ‘پلئیر ڈیوپلمنٹ’ پروگرام تیار کیا تھا۔
ملالہ یوسفزئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنے نکاح کی تصاویر پوسٹ کرتے ہی دنیا بھر سے مبارکباد اور تہنیتی پیغامات کا تانتا بندھ گیا۔ ان میں عالمی دنیا کے سیاسی رہنماؤں سے لے کر شوبز کی بڑی بڑی شخصیات بھی شامل ہیں۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹویٹر پر اپنے خاندان کی جانب سے نئے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادیوں آصفہ بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری نے پاکستان کے دیگر سیاسی رہنماؤں کی طرح ملالہ کو مبارکباد کے پیغامات دیے۔ دوسری جانب انسٹا گرام پر سرحد کی دوسری جانب سے انڈین اداکارہ پریانکا چوپڑا، کترینا کیف، موسیقار اے آر رحمان نے بھی مبارکباد کا پیغام دیا۔

Back to top button