وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اہم دورے پر تہران پہنچ گئے

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اہم سرکاری دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں جہاں وہ ایرانی قیادت اور اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق محسن نقوی اپنے دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر ایرانی حکام سے تبادلہ خیال کریں گے۔ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ پاکستان خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں ایک بار پھر ثالثی کے کردار کو فعال انداز میں آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان ایرانی اور امریکی فریقین کو مذاکراتی عمل میں زیادہ لچک دکھانے پر آمادہ کرنے کیلئے سفارتی کوششیں کر سکتا ہے تاکہ کشیدگی میں کمی اور مذاکراتی ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، ایران امریکا تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
