نواز شریف کھل کر میدان میں آ گئے، حکومت کو واضح احکامات جاری

آمدہ وفاقی بجٹ سے قبل صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف مزید متحرک ہو گئے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار لاہور میں جاتی عمرہ پہنچے جہاں انہوں نے نواز شریف سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے مسلم لیگ (ن) کے قائد کو آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف معاشی تجاویز سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر نواز شریف نے زور دیا کہ حکومت ایسی پالیسیاں تشکیل دے جن سے عوام پر مالی بوجھ کم سے کم ہو اور عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ قیمتوں میں استحکام آنے سے عوام کو حقیقی سکون ملے گا۔ملاقات میں وفاقی وزیر احسن اقبال بھی شریک تھے جبکہ ملکی معاشی صورتحال اور بجٹ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
