سلہٹ ٹیسٹ:پہلے دن کا کھیل ختم،بنگلہ دیشی ٹیم 278رنزبناکرآؤٹ،پاکستان نے 21رنزبنالئے

پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 278 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے ۔پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر بغیر کسی نقصان کے  21 رنز بنا لئے ہیں۔ اذان اویس 13 جبکہ عبداللہ فضل 8 رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے۔

سلہٹ ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام تک پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنائے ہیں۔قومی ٹیم کے اوپنرز ازان اویس اور عبداللہ فضل نے محتاط اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو پراعتماد آغاز فراہم کیا۔دن کے اختتام پر ازان اویس 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عبداللہ فضل 8 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔پاکستان کو بنگلا دیش کی پہلی اننگز کا مجموعی سکور برابر کرنے کیلئے مزید 257 رنز درکار ہیں جبکہ ٹیم کی تمام 10 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ پہلے دن کے کھیل کے دوران بنگلا دیش کی جانب سے تسکین احمد، شرف الاسلام، نہید رانا اور مہدی حسن میراز نے بولنگ کی، تاہم ابتدائی 6 اوورز میں پاکستانی اوپنرز کو آؤٹ کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔پاکستانی بیٹرز نے محتاط حکمت عملی اپناتے ہوئے پہلی وکٹ کے نقصان سے بچنے کو ترجیح دی اور دن کا اختتام ایک مستحکم پوزیشن پر کیا۔

خیال رہے کہ سلہٹ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس کے بعد پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔بنگلا دیش کی جانب سے اننگز کا آغاز محمود الحسن جوئے اور تنزید حسن نے کیا، تاہم میزبان ٹیم کو آغاز میں ہی بڑا نقصان اٹھانا پڑا جب محمود الحسن پہلے اوور کی دوسری گیند پر پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس کا شکار بن گئے۔

بنگلا دیش کی جانب سے سب سے نمایاں بیٹنگ لٹن داس نے کی، جنہوں نے 126 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں نجم الحسن شنٹو نے 29، مومن الحق نے 22 اور مشفیق الرحیم نے 23 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے بولنگ میں شاندار کارکردگی دکھائی گئی۔ خرم شہزاد نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عباس نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور ساجد خان نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔مجموعی طور پر پاکستانی بولنگ اٹیک نے بنگلا دیشی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھتے ہوئے پہلی اننگز میں 278 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

سلہٹ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کےلیے پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، امام الحق، شاہین آفریدی اور نعمان علی کی جگہ بابر اعظم، خرم شہزاد اور ساجد خان کو ٹیم میں شامل کیاگیا ہے۔

یاد رہے کہ بنگلادیش نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 104 رنز سے شکست دی تھی۔ 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کو دوسری اننگز میں شدید مشکلات کا سامنا رہا تھا اور قومی ٹیم 163 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بنگلا دیش کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی پلیئنگ الیون میں محمود الحسن جوئے، تنزید حسن، نجم الحسن شانتو (کپتان)، مومن الحق، مشفیق الرحیم، لٹن داس (وکٹ کیپر)، مہدی حسن معراج، تیج الاسلام، تسکین احمد، ناہید رانا اور شریف الاسلام شامل ہیں۔ جبکہ پاکستان کی پلیئنگ الیون اذان اویس، عبداللہ فضل، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، خرم شہزاد، ساجد خان، حسن علی اور محمد عباس پر مشتمل ہے۔

Back to top button