شاہد آفریدی بیٹیوں کو بیوی کے بغیر ٹی وی پر لے آئے


سابق سٹار کرکٹر شاہد آفریدی پہلی مرتبہ اپنی پانچ بیٹیوں کے ہمراہ ایک ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئے لیکن اپنی اہلیہ کو ساتھ نہیں لائے کیونکہ پشتون روایات اس کی اجازت نہیں دیتیں۔آفریدی کی جانب سے پہلی بار پانچوں بیٹیوں کے ہمراہ ٹی وی پروگرام میں شرکت پر ان کے مداح خوش ہیں لیکن یہ سوال بھی پوچھ رہے ہیں کہ وہ اپنی اہلیہ کو ساتھ کیوں نہیں لائے۔ شاہد آفریدی عید الفطر کے موقع پر ’سما ٹی وی‘ کے پروگرام ’گیم سیٹ میچ‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اور ان کی صاحبزادیوں نے کھل کر باتیں کیں۔
یاد رہے کہ آفریدی کی پانچ بیٹیاں ہیں، جن میں سے سب سے بڑی صاحبزادی اقصیٰ کی منگنی انہوں نے گزشتہ برس معردف کرکٹر شاہین آفریدی سے کردی تھی۔ شاہد آفریدی کی سب سے کم عمر بیٹی 2 سال کی ہیں، جن کی پیدائش فروری 2020 میں ہوئی تھی۔ ان کی صاحبزادیوں کے نام اقصیٰ، انشا عروہ، عجوہ اور اسمارہ ہیں، انہوں نے سال 2000 میں نادیہ شاہد سے شادی کی تھی۔ پروگرام کے دوران شاہد آفریدی کی صاحبزادیوں نے بتایا کہ ان کے والد ان کا بہت خیال رکھتے ہیں، وہ جب بھی جو چیز مانگتی ہیں، انہیں وہ مہیا کردی جاتی ہے۔
بیٹیوں نے شکوہ کیا کہ والد روایتی انداز میں عیدی نہیں دیتے، البتہ جب بھی جتنے پیسے مانگے جاتے ہیں، والد انہیں دے دیتے ہیں۔ شاہد آفریدی نے بتایا کہ ان کی پانچوں بیٹیوں میں سے اقصیٰ کو کرکٹ بہت پسند ہے اور وہ میچوں پر تبصرے بھی کرتی ہیں، ان کی باقی صاحبزادیاں کرکٹ کو زیادہ نہیں سمجھتیں، دوران پروگرام آفریدی کی سب سے کم عمر بیٹی نے والد کی نقل بھی اتاری اور دکھایا کہ جب ان کے والد میچ کے دوران وکٹ لیتے ہیں تو وہ کیا انداز اپناتے ہیں؟ آفریدی کی چوتھی بیٹی نے بتایا کہ انہیں جو عیدی ملتی ہے، وہ اسے جمع کرکے اپنی بڑی بہنوں کو دعوت دے دیتی ہیں۔ آفریدی کی ایک اور بیٹی اقصیٰ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انہیں گھومنے کا بہت شوق ہے مگر وہ دبئی میں پوری زندگی بھی گزار سکتی ہیں۔
ایک سوال پر شاہد آفریدی نے بتایا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ان کی بیٹی یا اہلیہ نے شاہین آفریدی کو عیدی بھجوائی ہے یا نہیں لیکن ان کا خیال ہے کہ انہوں نے یا تو بھجوا دی ہوگی یا بھجوانے کی تیاریوں میں ہوں گے۔ سابق کپتان نے کہا کہ آج کل کے بچے بہت ہوشیار ہیں، تمام چیزیں خود ہی کرلیتے ہیں اور والدین کو بولتے ہیں کہ انہیں کسی چیز کو کچھ علم نہیں۔ آفریدی اور ان کی صاحبزادیوں کو پہلی بار ٹی وی اسکرین پر دیکھنے پر جہاں ان کے مداح خوش دکھائی دیے، وہیں یہ سوال بھی کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ کو ساتھ کیوں نہیں لائے۔ بتایا جاتا ہے کہ شاہد آفریدی کی اہلیہ پشتون روایات کی وجہ سے سے ٹی وی اسکرین پر نہیں آتیں۔

Back to top button