حدیقہ کیانی کا گانا "بوہے باریاں” دوبارہ چوری ہو گیا


بھارتی گلوکاروں کی جانب سے پاکستانی گلوکاروں کے گائے ہوئے ہٹ گانے چوری کرنے کا سلسلہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ پاکستان اور بھارت میں یکساں زبان اور کلچر کی وجہ سے ایکدوسرے کے مقبول گانوں کو کاپی کرنے کا سلسلہ کوئی نیا نہیں ہے، لیکن اس چوری میں بھارتی گلوکار پاکستانیوں کو مات دیتے نظر آتے ہیں۔ حال ہی میں معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی کے گانے ’’بوہے باریاں‘‘ کی بھارت میں کاپی کی گئی تو گلوکارہ نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ حدیقہ نے انسٹاگرام سٹوری میں کانیکا کپور کی جانب سے ریلیز کیے گئے گانے ’بوہے باریاں‘ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے اس گانے کو پہلی مرتبہ چوری نہیں کیا گیا اور کئی بھارتی گلوکار پہلے بھی یہ حرکت کر چکے ہیں۔ تاہم بھارتی گلوکارہ نے بڑی ڈھٹائی سے یہ دعوی کر دیا کہ کہ انہوں نے حدیقہ کا گانا چوری نہیں کیا۔
گلوکاری سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے والی حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ ان کے گانے ’بوہے باریاں‘ کو ان کی اجازت کے بغیر اور انہیں کوئی معاوضہ دیئے بغیر ہی شاہ رخ خان اور پریٹی زنٹا کی ایک فلم میں بھی شامل کیا گیا جبکہ ان کے گانے کو متعدد بھارتی گلوکار بھی بغیر اجازت گا چکے ہیں۔ حدیقہ کیانی نے اپنی انسٹا سٹوری میں لکھا کہ بعض بھارتی گلوکاروں کی جانب سے گائے گئے ان کے گانے ’بوہے باریاں‘ کو یوٹیوب پر 20 کروڑ بار تک دیکھا جا چکا ہے مگر انہیں کسی طرح کی کوئی رائلٹی نہیں دی گئی اور نہ ہی ان سے پیشگی اجازت لی گئی تھی۔ انہوں نے لکھا کہ بھارتی گلوکاروں کی جانب سے ان کے مقبول ترین گیت کو کاپی کیے جانے اور اسے چوری گانے کے معاملے پر ان کے احتجاج کے بعد بعض لوگوں نے انہیں کریڈٹ دیا اور یوٹیوب پر لکھا کہ گانے کو پہلے حدیقہ کیانی نے گایا تھا، لیکن انہیں معاوضے میں ایک دھیلا بھی نہیں دیا گیا جب کہ کاپی کرنے والوں نے کروڑوں روپے کمائے۔ حدیقہ کیانی نے اپنے مقبول ترین گانے کے حوالے سے بتایا کہ ’بوہے باریاں‘ کی شاعری ان کی والدہ نے لکھی تھی اور اسے کئی بھارتی گلوکاروں نے چوری کر کے پیسے کمائے۔
حدیقہ کیانی نے واضح کیا کہ انہیں ’بوہے باریاں‘ گانا چوری کرنے والی گلوکارہ کانیکا کپور سے کوئی مسئلہ نہیں، بس وہ یہ کہنا چاہتی ہیں کہ ان کے گیت کو گانے سے قبل ان سے اجازت لی جانی چاہئے، انہوں نے لکھا کہ پاکستانی موسیقی کو چوری کرنے کا بھارتی سلسلہ جوں کا توں جاری ہے اور کوئی روکنے والا نہیں۔خیال رہے کہ حدیقہ کیانی نے ’بوہے باریاں‘ کو 1999 میں ریلیز کیا تھا، یہ گانا ان کے ایلبم ’روشنی‘ میں شامل تھا، ’’بوہے باریاں‘ حدیقہ کیانی کے سب سے مقبول گانوں میں سے ایک ہے، جس کی کاپی کرتے ہوئے گلوکارہ کانیکا کپور نے حال ہی میں ’بوہے باریاں‘ گانا جاری کیا تھا، جسے یوٹیوب پر ایک دن میں 20 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
تاہم افسوسناک بات یہ ہے کہ بھارتی گلوکارہ کانیکا کپور نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے حدیقہ کیانی کے گانے ’بوہے باریاں‘ کو کاپی نہیں کیا، بلکہ انہوں نے اپنی نئی دھن تیار کی ہے۔ کانیکا کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے بڑی محنت سے یہ فوک گانا تیار کیا ہے اور اس کا حدیقہ کیانی کے گانے سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا گانا ’بوہے باریاں‘ بلکل مخِتلف اور منفرد ہے، اور ان پر گانے کی کاپی کا الزام بے بنیاد ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کا گانا اوریجنل ہے، جس کی شاعری کنور جنیجا نے لکھی جب کہ اس کی موسیقی شروتی رانے نے ترتیب دی۔ بھارتی گلوکارہ نے دعویٰ کیا کہ ان کے گانے ریلیز ہونے کے بعد انہیں توہین آمیز پیغامات بھیجے جا رہے ہیں اور ان کے لیے نامناسب زبان کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

Back to top button