بالی ووڈ سٹار کرشمہ کپور کو دوسرے جیون ساتھی کی تلاش

معروف باکی وڈ اداکارہ کرشمہ کپور نے دوسری شادی کا عندیہ دے دیا ہے، کرشمہ کپور نے 2003 میں کیریئر کے عروج پر صنعت کار سنجے کپور سے شادی کی تھی مگر دس برس بعد 2013 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔ علیحدگی کے تین سال بعد 2016 میں دونوں کے درمیان قانونی طور پر طلاق ہوگئی تھی، جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات لگائے تھے، کرشمہ کپور نے شوہر سے طلاق کے بعد انٹرویوز میں بتایا تھا کہ سنجے کپور نے ان سے ان کی شہرت اور دولت کی وجہ سے شادی کی تھی اور یہ کہ پیسوں کے عوض انہیں فروخت بھی کیا تھا۔
کرشمہ کپور نے دعویٰ کیا تھا کہ ہنی مون پر ان کے شوہر نے ان پر دباؤ ڈالا کہ وہ ان کے دوستوں سے بھی جنسی تعلقات استوار کریں، اداکارہ نے سابق شوہر اور ساس پر گھریلو تشدد کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔
پہلی شادی سے کرشمہ کپور کو 17 سالہ بیٹی سمیرا اور 12 سالہ بیٹا کیان بھی ہیں، جن کی کرشمہ نے ہی پرورش کی اگرچہ 2017 میں کرشمہ کپور کی دوسری شادی کی افواہیں سامنے آئی تھیں مگر تب ان کے اہل خانہ نے ایسی خبروں کو مسترد کر دیا تھا۔اب خود کرشمہ نے مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے دوسری شادی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، جس پر ان کے مداح خوش دکھائی دے رہے ہیں۔
کرشمہ نے انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ ان کا پسندیدہ کھانا ’بریانی‘ ہے جب کہ انہیں ‘سیاہ‘ رنگ بہت پسند ہے۔ اداکارہ نے رنبیر کپور اور رنویر سنگھ میں سے کسی ایک کے انتخاب کے جواب میں دونوں کو ہی اپنے پسندیدہ قرار دیا اور اپنے تمام اہل خانہ یعنی بہن کرینہ کپور، والد رندھیر کپور اور بچوں کو دنیا کے پسندیدہ اور سب سے اچھے انسان قرار دیا۔ ایک مداح نے ان سے دوسری شادی سے متعلق سوال کیا تو اداکارہ نے جواب دیا کہ دوبارہ ازدواجی زندگی شروع کرنے کا معاملہ حالات پر منحصر ہے، یعنی اگر انہیں کوئی اچھا شخص ملا تو وہ دوسری شادی بارے ضرور سوچیں گی۔ اس سے قبل کرشمہ کپور نے اپنے کزن رنبیر کپور کی عالیہ بھٹ سے شادی کے موقع پر بھی دوسری شادی کا عندیہ دیا تھا، کرشمہ کی شادی سے قبل کی زندگی بھی بڑی رومانوی رہی ہے اور ان کے تعلقات اجے دیو گن سمیت ابھیشک بچن سے بھی رہے۔ ایک موقع پر تو ان کی ابھیشک بچن سے منگنی ہونے تک کی خبریں بھی سامنے آئیں مگر پھر ان کے درمیان اختلافات ہوگئے۔
کرشمہ کپور نے کیریئر کے آغاز میں ہی ایک کے بعد ایک کامیاب فلم دی اور ان کا شمار 1990 سے 2005 کی سپر ہیروئنز میں شمار کیا جاتا ہے، اداکارہ نے اپنے 30 سالہ کیریئر میں 6 درجن کے قریب فلموں میں کام کیا اور متعدد ایوارڈز اپنے نام کیے۔
