شاہین شاہ آفریدی کی شاہد آفریدی کی بیٹی سے رشتے کی باتوں پر سوشل میڈیا صارفین خوشی سے نہال

شاہد آفریدی پاکستان کے وہ آل راؤنڈر ہیں جنہیں کرکٹ کے اکثر شائقین پسند کرتے ہیں۔ اور اسی طرح شاہین شاہ آفریدی ہیں جنہیں ان کی خطرناک بولنگ اور اسٹائل کے سبب بہت سراہا جاتا ہے۔
سنیچر کی شام سوشل میڈیا پر یہ موضوع زیرِ بحث رہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی منگنی شاہد آفریدی کی صاحبزادی سے طے پا گئی ہے۔ اور یوں چہ مگوئیوں کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ بالآخر لالہ کہلائے جانے والے شاہد آفریدی کو ٹوئٹر کا سہارا لینا ہی پڑا۔ شاہد آفریدی نے اس بات کی تصدیق کی کہ شاہین آفریدی کے خاندان نے اُن کی بیٹی کےلیے اُن کے خاندان سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں خاندان رابطے میں ہیں اور جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں، اگر اللہ کی مرضی ہوئی تو یہ جوڑا بھی بن جائے گا۔ انہوں نے شاہین آفریدی کے کھیل اور زندگی میں کامیابی کےلیے بھی دعا کی۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد شاہین آفریدی نے ان کی ٹویٹ کے جواب میں شاہد آفریدی کا دعاؤں کےلیے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ پوری قوم کا فخر ہیں۔ شاہین آفریدی نے لکھا کہ اللہ سب کےلیے آسانیاں پیدا کریں۔ بالآخر ان دونوں کھلاڑیوں کی ٹویٹس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے ذہنوں میں جو سوالات اٹھ رہے تھے انہیں تو ایک بنیاد ملی، تاہم منگنی کی جو باتیں کی جا رہی تھیں وہ بھی کچھ حد تک تھم گئیں۔
ایک صارف ذکریا نے شاہد آفریدی کے شاہین آفریدی کے ہاتھوں بولڈ ہونے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شاہین آفریدی کو مشورہ دیا کہ آئندہ وہ شاہد آفریدی کو صرف چھکے والی گیند کرائیں۔
عروج نامی صارف نے شاہین آفریدی کو مشورہ دیا کہ اب وہ شاہد آفریدی کو لالہ کے بجائے کچھ اور کہنے کی عادت ڈال لیں کیوں کہ وہ ان کے ہونے والے سسر ہیں۔
صارف احمد علی نے لکھا کہ شاہین شاہ آفریدی ایک ہینڈسم اور زبردست شخصیت کے مالک ہیں اور اگر وہ شاہد آفریدی کی بیٹی کے شوہر بنے تو یہ دنیا کے سب سے خوبصورت جوڑوں میں سے ہوگا۔
ایک اور صارف فرحان خان نے لکھا کہ وہ وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر کے بعد اگر پاکستان سے کسی بولر کو پسند کرتے ہیں تو وہ شاہین آفریدی ہیں۔ انہوں نے دونوں کےلیے خوشیوں کی دعا کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اس اعلان سے بہت خوش ہیں۔
صارف اقرا حفیظ نے شاہین آفریدی اور شاہد آفریدی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ داماد اسٹار، سسر سوپر ڈوپر اسٹار، یہ کتنا زبردست خاندان ہے۔
تاہم کچھ لوگ ایسے بھی تھے جنہیں شاہد آفریدی اور شاہین آفریدی کی جانب سے اس معاملے پر عوامی بات کرنا زیادہ نہیں بھایا۔
ایک صارف زاہد محمود اعوان نے لکھا کہ وہ مانتے ہیں کہ اس کو خفیہ رکھنا چاہیے کیوں کہ کچھ بے وقوف لوگ اس پر بہت توہین آمیز تبصرے بھی کریں گے۔ انہوں نے شاہین آفریدی کے رویے کی تعریف کرتے ہوئے ان کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
