شریف خاندان میں پارٹی پر قبضے کیلئے لڑائیاں شروع ہوچکی ہیں

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے اندر اور شریف خاندان میں پارٹی پر قبضے کیلئے لڑائیاں شروع ہو چکی ہیں، کچھ لیگی رہنما خواجہ آصف کو میٹنگز میں بھی نہیں بلانا چاہتے۔ شہباز شریف کو واپس آکر مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے، لگتا ہے ان کے لیے تلاش گمشدہ کا اشتہار دینا پڑے گا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کو جہاں رہنمائی دینی چاہیے وہاں نہیں دیتے۔ کونسل بہت سے معاملات پر ذمہ داری کا ثبوت نہیں دے سکی، کونسل کا نظام عوامی ٹیکسوں سے چلتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ آج قومی اسمبلی میں 6 میں سے 4 بل منظور ہوئے ہیں جبکہ آرمی ایکٹ پر بھی اپوزیشن نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، نیب آرڈیننس پر بھی بات چیت ہو رہی ہے، حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی اپنی تجاویز ہیں تاہم اتفاق رائے کی کوشش کررہے ہیں۔
ایک تقریب سے خطاب میں فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو آخر کار سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے کی طرف آنا ہے، میری وزارت نے امپورٹ و ایکسپورٹ کیلئے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے، اسکول، کالجز و یونیورسٹیوں کو سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں فعال بنانا چاہتے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود خود سے ٹی وی بھی نہیں بنا سکتے، آئندہ آنے والے سال سائنس و ٹیکنالوجی، عقل اور منطق کے سال ہوں گے۔
۔
