شہباز شریف، حمزہ شہباز فرد جرم کیلئے عدالت طلب

منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے حمزہ شہباز اور شہباز شریف کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔
لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔
دورانِ سماعت حمزہ شہباز کے وکیل نے ان کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کیں، شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ کل شہباز شریف اسلام آباد میں سرکاری میٹنگز میں مصروف تھے۔
گزشتہ رات وہ اسلام آباد سے لاہور آنے کے لیے تیار تھے لیکن موسم کی خرابی پر انہیں سفر سے منع کیا گیا، ایف آئی اے کے وکیل نے کہا کہ انہیں شہباز شریف اور حمزہ کی حاضری معافی پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ ضمانت منظور ہوتے ہی ملزم نے عدالت میں پیش ہونا چھوڑ دیا ہے جبکہ ملزم ملک مقصود کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جمع کرا دیا ہے، ملزم کی موت کی تصدیق ہوگئی ہے۔
دورانِ سماعت ایف آئی اے نے اشتہاری ملزم سلیمان شہباز کی جائیداد کا ریکارڈ پیش کیا، بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فرد جرم کے لیے طلب کر لیا اور سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

Back to top button