شہبازشریف غلط فہمی میں نہ رہنا ،تمہیں جیل میں ڈالیں گے

تحریک انصاف کے چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ شہباز شریف غلط فہمی میں نہ رہنا وہ وقت دور نہیں جب تمہیں جیل میں ڈالیں گے، تمہیں نہیں چھوڑیں گے،کان کھول کرسن لوڈاکوؤ تمہارا وقت آگیا عوام کا سمندرتمہیں بہالے جائے گا۔
گوجرانوالہ میں عوامی جلسے سے خطاب میں انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو مخاطب کرکے کہا کہ دونوں بھائی سوچ رہے ہیں کیا کریں، پھنس گئے ہیں، حکومت کے آگے سمندر اور پیچھے عوام کو لے کر میں کھڑا ہوں، شہباز شریف کو بڑا شوق تھا اچکن سلوانے کا، اب قوم کو جواب دیں۔
انہوں نے کہا آصف علی زرداری خوش ہے کہ ساری گالیاں وزیر اعظم شہباز شریف اور ن لیگ کو پڑ رہی ہیں، واقعی آصف علی زرداری ساری ن لیگ پر بھاری ہے، وزیر اعظم بن کر شہباز شریف کو سمجھ نہیں آرہا کہ کرنا کیا ہے،یہ سیاست نہیں ہورہی بلکہ انقلاب آرہا ہے، جب مجھے بطور وزیرا عظم سازش کے ذریعے نکالا گیا تب قوم نے مٹھائی نہیں بانٹی بلکہ وہ گھروں سے باہر نکل آئے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا روپیہ گررہا ہے، ملکی معیشت کا برا حال ہے، انھیں سمجھ نہیں آرہا کرنا کیا ہے، شہباز شریف کہتا ہے کہ مہنگائی بڑھ رہی ہے اور زرمبادلہ گررہا ہے، شہباز شریف غلط فہمی میں نہ رہنا ہم تمہیں نہیں چھوڑیں گے۔
انکا کہنا تھا 21 سال کرکٹ کھیلی لیکن سٹیڈیم میں اتنے زیادہ لوگ نہیں دیکھے، شانداراستقبال، جذبے، جنون پر دل سے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ماشااللہ میرا گوجرانوالہ اسلام آباد مارچ کے لیے تیارہے، یہ سیاست نہیں انقلاب آرہا ہے۔ سارے پاکستان کے بڑے، بڑے ڈاکو، مافیا ایک طرف کھڑے ہوگئے، اللہ کا شکرادا کرتا ہوں میری قوم دوسری طرف کھڑی ہوگئی، ہ جب قوم ،ایک قوم بن کر کھڑی ہوجائے اس کوانقلاب کہتے ہیں، کرپٹ مافیا لوگوں کا خون چوستے ہیں، مافیا کو بُری طرح شکست دیں گے۔ گوجرانوالا والو ! کیا اسلام آباد کے لیے تیار ہو، میں اسلام آباد پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کے لیے سب کو بلا رہا ہوں، پاکستان کے بڑے ڈاکوؤں کو اکٹھا کر کے پاکستان کی منتخب حکومت کوسازش کے تحت گرایا گیا، بتائیں یہ سازش تھی یا مداخلت ؟
چیئر مین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے شعور کو سلام پیش کرتا ہوں، پہلے سازش پھراس کے بعد مداخلت ہوتی ہے۔ یہ سمجھ رہے تھے جب بھی وزیراعظم کو نکالا جاتا ہے تو مٹھائیاں بانٹی جاتی ہیں، میری قوم نے مٹھائیاں بانٹنے کے بجائے سڑکوں پر نکل آئی، دو وجہ سے اسلام آباد بلا رہا ہوں، ایک امریکی سازش کو ناکام بنانا ہے، دوسرا ملک کے بڑے ڈاکو، قاتل، منشیات فروشوں سازش کرنے والوں کیخلاف نکلنا ہے۔
انکا کہنا تھاہماری قوم زندہ اورآزاد ہے اس لیے سڑکوں پر ہے، جب ہماری حکومت ہٹائی گئی اس وقت ملکی دولت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا تھا، ہماری حکومت میں تاریخی ایکسپورٹ ہو رہی تھی، پچھلے نو ماہ میں 26 فیصد پاکستان کی ایکسپورٹ بڑھی، ایوب خان کے دورکے بعد پاکستان کی انڈسٹری اٹھنا شروع ہوئی۔ بیرون ملک پاکستانیوں نے ریکارڈ 31 ارب ڈالر بھیجے، ہم نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا، زیادہ ٹیکس اکٹھا ہونے پر حکومت نے پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں کو کم کیا تھا، دنیا میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی تھیں، ہم نے عوام پر کم بوجھ ڈالا، ہماری حکومت نے کسانوں کوپیداوارکا پورا معاوضہ دیا، ہمارے دوسالوں میں کسانوں کا سب سے زیادہ خوشحالی میں گزرا۔
دریں اثنا لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا نے سازش کے تحت چوروں اور لٹیروں کو مسلط کر دیا، غلامی نامنظور، پاکستان کو خود مختار اور غیر ت مند قوم بنانا ہے، وکلا برادری حقیقی آزادی کیلئے نکلے۔ جمعہ کو ملتان کے جلسے میں اسلام آباد کی کال دوں گا، تمام وکلا نے میرے ساتھ اسلام آباد جانا ہے،پاکستان کی تاریخ ہے جب تک وکلا شامل نہ ہوں تحریک کامیاب نہیں ہوتی، تحریک پاکستان کو وکلا نے کامیاب کرایا تھا، حقیقی آزادی کی تحریک میں وکلا نے مل کر ساتھ دینا ہے۔
عمران خان نے کہااسلام آباد جانے کے لیے سب کو دعوت دے رہا ہوں، جمعہ کو ملتان کے جلسے میں اسلام آباد کی کال دوں گا، تمام وکلا نے میرے ساتھ اسلام آباد جانا ہے، رجیم تبدیل کر کے لٹیروں کو مسلط کیا گیا، یہ ہمیں روکنے کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گے، مجھے وکلا کی ضرورت ہے، لاہور بار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، شہباز شریف اور ان کے بیٹوں پر 40 ارب منی لانڈرنگ کے کیسز ہیں، دنیا کے کسی مہذب معاشرے میں ایسا نہیں ہوسکتا، وزیراعظم اپنے کیسز کو ختم اور این آراو دلوائے، وکلا کو چوروں کے خلاف سپریم کورٹ، ہائی کورٹ جانا چاہیے، اگر بڑے ڈاکوؤں کو نہیں پکڑنا تو پھر چھوٹے چوروں کو جیلوں میں کیوں ڈالتے ہو۔
انہوں نے کہااپنے ملک کے لیے جہاد میں شرکت کے لیے وکلا کو دعوت دیتا ہوں، ہمیں اللہ کی زمین پر انصاف قائم کرنا چاہیے، اس تحریک کو کامیاب کرنے کے لیے وکلا کا ساتھ چاہیے، جس ملک میں قانون کی حکمرانی ہو وہاں کبھی خوشحالی نہیں آسکتی، ہماری تحریک ان چوروں کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دے گی، امریکا کی غلامی سے ہمیشہ کے لیے آزادی مل جائے گی، جس ملک میں قانون کی حکمرانی نہ ہو وہاں کبھی خوشحالی نہیں آسکتی، آپ میرے لیے نہیں اپنے اور بچوں کی حقیقی آزادی کے لیے نکلیں۔
قبل ازیں ایک ٹویٹ میں عمران خان کا کہنا تھااین آر او 2 کواولین ترجیح بنانے والے مجرموں کے ٹولے نے میری ٹیم کے عظیم کام پرپانی پھیر دیا،جب امریکی حمایت سے حکومت تبدیل کرنے کی سازش کی گئی اوراس کے ذریعے پی ٹی آئی کی حکومت کو ہٹایا گیا تو ہم 6 فیصد معاشی شرح نمو کے حصول کے قریب تھے۔
عمران خان کا کہنا تھا این آر او 2 کو اپنی اولین ترجیح بنانے والے مجرموں کے اس ٹولے نے میری ٹیم کے کئے گئے سارے عظیم کام پرپانی پھیر دیا ہے۔
