شہزاد رائے کی سدا بہار جوانی سوشل میڈیا پر زیر بحث

معروف پاکستانی گلوکار شہزاد رائے 35 سال کی عمر میں بھی جوان نظر آنے پر سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنے ہوئے ہیں، گلوکار نے ٹوئٹر پر اپنی عمر نہ بڑھنے کا طعنہ دینے والی خاتون سے مشورہ مانگتے ہوئے پروڈکٹ متعارف کرانے کے لیے نام مانگ لیا۔ حال ہی میں جب شہزاد رائے نے اپنی ایک تصویر ٹوئٹ کی تو مداحوں نے ایک بار پھر ان کے ہر وقت جوان نظر آنے پر کمنٹس کرنا شروع کیے ۔ کئی لوگوں نے دعوے کیے کہ جب وہ 15 سال کے تھے تب سے گلوکار کو ایسا دیکھتے آ رہے ہیں اور اب وہ 35 سال کے ہونے کے باوجود ویسے ہی ہیں۔
کئی مداحوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے سوالات کیے کہ آخر کوئی بھی انسان اس عمر میں کیسے اتنا سمارٹ اور خوبصورت نظر آ سکتا ہے؟شہزاد رائے نے اپنی ایک بلیک اینڈ وائٹ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اگر کبھی انسان کو نیند آ رہی ہو تو ایسے وقت میں وہ اپنی آستین اوپر کر دے تو لوگوں کو ایسا لگے گا کہ وہ کام میں مصروف ہے۔ گلوکار کی مذکورہ تصویر کو کئی افراد نے ری ٹوئٹ کیا اور کمنٹ میں شہزاد رائے سے پوچھا کہ باقی باتیں تو اپنی جگہ ٹھیک ہیں لیکن یہ بتائیں کہ آپ کی عمر کیسے کم ہوتی جا رہی ہے؟ ایسے ہی کمنٹس کرنے والے افراد میں اریشا نامی خاتون بھی شامل تھیں جنہوں نے لکھا کہ شہزاد رائے کی عمر گزشتہ 20 سال سے بڑھی ہی نہیں۔ اریشا نے شہزاد رائے کی تصویر کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنے کمنٹ میں لکھا کہ اگر گلوکار عمر کو چھپانے یا روکنے کی بیوٹی مصنوعات متعارف کرائیں تو وہ دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیں گی۔انہوں نے مزید لکھا کہ شہزاد رائے کی عمر 2000 کے بعد ایک دن بھی آگے نہیں بڑھی۔
گلوکار نے مذکورہ خاتون کے کمنٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان سے مزاحیہ انداز میں بیوٹی پروڈکٹ کا نام تجویز کرنے کی فرمائش کر دی۔ شہزاد رائے نے اریشا کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ بیس سال کی عمر میں سب لوگ ایسے ہی نظر آتے ہیں۔ گلوکار نے خاتون کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ اگر وہ ان سے بیوٹی مصنوعات متعارف کرانے کی اتنی ہی فرمائش کر رہی ہیں تو پھر پروڈکٹ کا نام بھی تجویز کریں۔ یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ مداحوں نے شہزاد رائے کی تصویر پر ان کے جوان ہونے سے متعلق کمنٹس کیے ہوں، اس سے قبل بھی ان سے متعلق مداح ایسی ہی باتیں کرتے رہے ہیں۔
انہیں ہر وقت جوان نظر آنے اور عمر نہ بڑھنے کے طعنے دیئے جاتے رہے ہیں جبکہ گلوکار بھی ایسے طعنوں پر مداحوں کو کرارے جوابات دیتے دکھائی دیتے ہیں۔کچھ دن قبل ہی شہزاد رائے نے نجی ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ مداح ان سے پوچھتے رہتے ہیں کہ آخر ان کی عمر کیوں نہیں بڑھ رہی؟انہوں نے کہا کہ لوگوں کے پوچھنے پر وہ انہیں بتاتے ہیں کہ انہوں نے عمر نہ بڑھنے سے متعلق سپریم کورٹ سے سٹے آرڈر لے رکھا ہے۔
شہزاد رائے نے اسی موضوع پر بات جاری رکھتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ہمیشہ جوان اور پرکشش دکھائی دینے کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ وہ ایکسر سائز زیادہ کرتے ہیں جبکہ غذا کم استعمال کرتے ہیں۔ گلوکار کا کہنا تھا کہ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ انہوں نے بھی بچپن سے ہی گلوکاری شروع کر دی تھی اور لوگ انہیں بچپن سے ہی دیکھ رہے ہیں اور شاید اس لیے انہیں لگتا ہے کہ میری عمر نہیں بڑھ رہی۔
